متحدہ عرب امارات کورونا کی وبا پر قابو پانے کی منزل کے اور قریب ہو گیا

وزارت صحت کے مطابق امارات میں مقیم 79 فیصد افراد کو ویکسین لگادی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 2 اگست 2021 16:24

متحدہ عرب امارات کورونا کی وبا پر قابو پانے کی منزل کے اور قریب ہو گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 اگست 2021ء) متحدہ عرب امارات میں مسلسل کئی روز سے کورونا کے یومیہ ڈیڑھ ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام نے خبردار کر دیا ہے کہ لوگ احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کریں ورنہ کیسز قابو سے باہر ہو سکتے ہیں ۔ کیونکہ کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا بہت خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز کورونا کے 1,519 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا کیسز کی مجموعی گنتی بڑھ کر 6 لاکھ 80 ہزار تک جا پہنچی ہے۔

جبکہ مزید 1,466 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں جس کے بعد مجموعی صحت یابیاں 6 لاکھ58ہزار سے زائد ہو گئی ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں مزید 15 ہزار 279 افراد کو ویکسین خوراکیں دی گئیں۔ مملکت میں اب تک 1 کروڑ68 لاکھ11 ہزار سے زائد ویکسین خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

(جاری ہے)

ان نئے اعداد و شمار کے بعد ویکسین کی فراہمی کا تناسب بڑھ کر فی 100 افراد میں 97.169 ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات ویکسی نیشن کے معاملے میں دُنیا بھر میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے جو اس کے ہیلتھ سیکٹر کے جدید ترین اور بہترین ہونے کا ثبوت ہے۔

مشہور امریکی میگزین بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپنی آبادی کو زیادہ سے زیادہ ویکسین خوراکیں لگانے والے ممالک کے حوالے سے جو تازہ ترین اعداد و شمار سامنے آئے ہیں، ان کے مطابق یو اے ای اس فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہو گیا ہے۔ اماراتی وزارت صحت کے مطابق امارات کی اعلیٰ قیادت کے کورونا سے بچاؤ کے فعال ویژن کی بدولت ہی یہ شاندار کامیابی نصیب ہوئی ہے اور کورونا سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا موقع ملا ہے۔