اسلامی ممالک اسلاموفوبیا بارے دنیا کے تصورات تبدیل کرنے کیلئے مل کر کام کریں،ڈاکٹر عارف علوی

پاکستان کی نئی پالیسی ترقی کیلئے شراکت داری ، سماجی و اقتصادی ترقی اور خطے میں امن پر مرکوز ہے،پاکستان خطے بالخصوص افغانستان میں امن کے فروغ کیلئے کوششیں کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسلی کشی میں ملوث ،شہریت کے قانون کے ذریعے کشمیر میں مسلم آبادی کو کم کررہا ہے، صدر مملکت کی صدر عرب پارلیمنٹ سے گفتگو

پیر 2 اگست 2021 20:08

اسلامی ممالک اسلاموفوبیا بارے دنیا کے تصورات تبدیل کرنے کیلئے مل کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک اسلاموفوبیا بارے دنیا کے تصورات تبدیل کرنے کیلئے مل کر کام کریں،پاکستان کی نئی پالیسی ترقی کیلئے شراکت داری ، سماجی و اقتصادی ترقی اور خطے میں امن پر مرکوز ہے،پاکستان خطے بالخصوص افغانستان میں امن کے فروغ کیلئے کوششیں کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسلی کشی میں ملوث ،شہریت کے قانون کے ذریعے کشمیر میں مسلم آبادی کو کم کررہا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بات عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمن العسومی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے پیر کو ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی ممالک اسلاموفوبیا کے حوالے سے دنیا کے تصورات تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک دہشت گردی اور اسلامو فوبیا کے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور اسلاموفوبیا کے چیلنجز پر قریبی تعاون کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ عقیدے اور ثقافت کی وجہ سے پاکستانی عوام کا عرب ممالک کے عوام کے ساتھ قدرتی لگائو ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطی کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی جیو سیاست سے جیو اقتصادیات کی طرف منتقل ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نئی پالیسی ترقی کیلئے شراکت داری ، سماجی و اقتصادی ترقی اور خطے میں امن پر مرکوز ہے۔صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان خطے بالخصوص افغانستان میں امن کے فروغ کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی نسلی کشی میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت شہریت کے قانون کے ذریعے کشمیر میں مسلم آبادی کو کم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین کے مطابق فلسطین کی ایک آزاد ریاست کے قیام کا خواہاں ہے۔صدر عرب پارلیمنٹ عادل بن عبدالرحمن العسومی نے کہا کہ پاکستان عرب دنیا کے لیے اہم ملک ، امت مسلمہ کے مقاصد کے حصول میں تاریخی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالم اسلام کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عرب پارلیمنٹ نے تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔