سی ڈی اے کی تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں

بھاری مشینری کی مدد سے سرکاری اراضی اور کورنگ سمیت دیگر نالوں پر غیر قانونی تعمیرات مسمارکردی گئیں ئ*قدرتی نالوں سے غیر قانونی تعمیرات و قبضہ کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،چیئرمین سی ڈی اے

پیر 2 اگست 2021 20:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2021ء) سی ڈی اے کی اسلام آباد میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف بڑیپیمانے پر کارروائیاں۔ قدرتی نالوں میں غیر قانونی تعمیرات مسمار۔ چئیرمین سی ڈی اے کی خصوصی ہدایت پر سی ڈی اے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔

آپریشن کا آغاز میں اسلام آباد ایکسپریس وے سے ملحقہ گرین بلٹ اور سروس روڈ ویسٹ کے ساتھ سرکاری اراضی پر 50 آہنی شیڈز، 1 چھپر ہوٹل، 1 کھو کھا، 3 ریت بجری کے ٹھیے اور 1 غیر قانونی سوئمنگ پول بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دئیے۔ اس کے علاوہ ضیائ مسجد کے اطراف میں قائم فروٹ کے اڈے بھی ختم کیے گِے۔

(جاری ہے)

بعدازاں دریائے کورنگ نزد مارگلہ ٹاون فیز ٹو گلی نمبر 48 کے پاس نالے کہ ساتھ غیر قانونی مویشیوں کے باڑوں کے خلاف بھی آپریشن کرتے ہوئے کورنگ نالے کی حدود سے 18 کمروں پر مشتمل تین غیر قانونی باڑے گرائے گئے۔

یاد رہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح برقرار رکھنے کے لئے اسپل ویز کھولے جاتے ہیں جسکا پانی دریائے کورنگ میں تغیانی کا سبب بنتا ہیں اسی وجہ سے نالے کے اطراف تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر آپریشن کئے جا رہے ہیں۔ اسی طرح راول ٹاؤن کے پاس سے گزرنے والے کورنگ نالہ میں قائم کئے گئے غیر قانونی مویشیوں کے باڑے کے خلاف کی گئی۔

اس آپریشن کے دوران بھاری مشینری کی مدد سے قدرتی نالے میں غیر قانونی طور پر بنائے گئے 5 مویشیوں کے باڑے، 8 شیڈز، 6 کمرے، 6 واٹر ٹینک، 4 چارہ مشین اور 14 کھرلیاں مسمار کی گئی۔بعدازاں بری امام اور گردو نواح میں بھی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مشترکہ آپریشن کئے گئے اس آپریشن کے دوران بری امام نڑیل اور یونیورسٹی روڈ پر ہیوی مشینری کے ساتھ چار عدد کمرے ،تین عدد چاردیواری، چار واش رومز اورپانچ دکانوں سمیت غیر قانونی تعمیرات کو گرا دیا گیا۔

اس موقع پر چئیرمین سی ڈی اے نے کہا کہ قدرتی نالوں سے غیر قانونی تعمیرات و قبضہ کا خاتمہ اولین ترجیح ہے تاکہ حالیہ بارشوں میں پانی کی نکاسی میں کوئی خلل نہ آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لئے انسداد تجاوزات مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔