عرب ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون و تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتے ہیں، صادق سنجرانی

عرب پارلیمنٹ میں بطور ابزرور کی حیثیت سے شمولیت کیلئے تیار ہیں ، وفد سے بات چیت

پیر 2 اگست 2021 22:13

عرب ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون و تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتے ہیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2021ء) چیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان عرب ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون و تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔ ملک کے تمام مسلم ممالک اور بالخصوص عرب ممالک کے ساتھ تعلقات مثالی ہیں ۔ عرب پارلیمنٹ کے وفد نے سوموار کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیاچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں عرب پارلیمنٹ کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعاون، ادارہ جاتی روابط اور پارلیمانی سفارتکاری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان عرب ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون و تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسلم ممالک اور بالخصوص عرب ممالک کے ساتھ تعلقات مثالی ہیں انہوں نے کہا کہ عرب پارلیمنٹ عرب ممالک کا مشترکہ پلیٹ فارم ہونے کے باعث ہمارے لئے بہت اہم ہے عرب پارلیمنٹ کا مجموعی کردار انتہائی لائق تحسین ہے انہوں نے کہا کہپاکستان عرب پارلیمنٹ میں بطور ابزرور کی حیثیت سے شمولیت کیلئے تیار ہے عرب پارلیمنٹ عرب ممالک کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کے مواقع فراہم کرتا ہے اورپارلیمانی رابطہ کاری مستقبل کے تعاون کیلئے نئی راہ ہمورا کرے گی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسائل کو سمجھنے اور حل نکالنے کیلئے بین الپارلیمانی رابطہ کاری میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں عرب پارلیمنٹ کیلئے قانون سازی سے متعلق تربیتی پروگرام ترتیب دیئے جا سکتے ہیں انہوں نے کہا سرمایہ کاری، تجارت اور افرادی قوت کے شعبوں میں معاونت کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ گلوبلائزیشن کے اس دور میں دوطرفہ اور کثیر الجہتی معاونت کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم اٴْمہ کے حقوق کے تحفظ کیلئے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے انہوں نے کہا کہ خطے کی رابطہ کاری کو بڑھانے کیلئے پاکستان عرب دنیا کے ساتھ رابطہ کاری کے اقدامات اور منصوبوں کو اہم سمجھتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عرب پارلیمنٹ کے وفد کا دورہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی، رابطہ کاری، شراکت دارانہ ترقی اور سماجی و اقتصادی خوشحالی اور امن کے پیغام پر منحصر ہے ہم پائیدار ترقی پر یقین رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے جائز حق کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے موقف پر قائم ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے اور کسی بھی صورت اس اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فلسطینیوں کی طرح کشمیری بھی مسلم اٴْمہ کی جانب دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلے کی وجہ سے عالم اسلام اور عرب ملکوں میں بے چینی اور غصے کی فضا پائی جاتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کشمیر کے مسائل کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہوگا جو خطے و علاقائی امن و سلامتی کیلئے ضروری ہے۔اس موقع پر عرب پارلیمنٹ کے صدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے بہت خوشی ہوئی ہے پاکستان عرب دنیا کیلئے ایک اہم ملک ہے۔انہوں ہے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون کو انتہائی سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی و سماجی خوشحالی ہمارا مشترکہ عزم ہے اور اسی کو لے کر آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے سے پارلیمانی تعاون، ادارہ جاتی رابطوں اور کثیر الجہتی معاونت کیلئے راہیں ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر عرب پارلیمنٹ کے سربراہ نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو عرب پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت اور خطاب کی دعوت دی واضح رہے کہ عرب پارلیمنٹ میں خطاب کی یہ دعوت کسی بھی غیر عرب پارلیمانی لیڈر کو پہلی بار دی گئی ہے۔

چیرمین صادق سنجرانی کہا کہ عرب پارلیمنٹ کے دورہ کے اعزاز کو اپنے لئے بہت بڑی خوش قسمتی سمجھتا ہوں جلد پارلیمانی وفد کے ہمراہ عرب پارلیمنٹ کا دورہ کروں گا۔ عرب پارلیمنٹ کے وفد نے سینیٹ میوزیم کا دورہ کیا اور باہمی سمجھوتے کی یاداشت پر دستخط بھی کیے۔اس موقع پر عرب پارلیمنٹ کے صدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔