کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کا روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر اور ہفت روزہ تکبیر کے مدیر اعلی رفیق افغان کے انتقال پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار

پیر 2 اگست 2021 23:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2021ء) کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر راشد عزیز ، جنرل سیکریٹری موسیٰ کلیم و اراکین مجلس عاملہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں سینئر صحافی، روزنامہ امت کراچی کے چیف ایڈیٹر اور ہفت روزہ تکبیر کے مدیر اعلی رفیق افغان کے انتقال پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔رفیق افغان کے انتقال سے صحافتی دنیا میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے جو شاید کبھی پر نہ ہوپائے گا۔

مرحوم نے شعبہ صحافت کو نیا رخ دیا تھا، انہوں نے اردو اخبار میں تحقیقاتی رپورٹنگ متعارف کرائی۔رفیق افغان پاکستان کے نامور صحافی، لکھاری اور ہفت روزہ تکبیر کے بانی صلاح الدین شہید کے داماد تھے۔ رفیق افغان ایک بہترین منتظم ہونے کے علاوہ نامور صحافی بھی تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تحقیقی صحافت اور جہاد افغانستان کے حوالے سے رپورٹنگ میں خصوصی نام پیدا کیا۔

اس کے علاوہ کراچی کے مسائل، تعصبات کے خلاف وہ عمر بھر قلمی محاذ پر سرگرم عمل رہے۔ وہ دائیں بازو کی سوچ رکھنے اور پاکستان سے نظریاتی محبت اور مضبوط وابستگی رکھنے والے سربراہ آور شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ اللہ رب العزت مرحوم کی مغفرت فرمائے اور درجات کو بلند کرے۔مرحوم کی صحافتی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔اللہ تعالیٰ سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین