"وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرات لاحق، وزیراعظم نے اپنی نقل و حرکت محدود کردی"

ہم نے امریکا کاساتھ دیا، بدلے میں افغانستان میں براہمداغ جیسوں کو کیمپس دے دیئے، وزیراعظم کی جان کو خطرات ہیں لیکن وہ پرواہ نہیں کرتے،وزیراعظم نے اپنی نقل و حرکت محدود کردی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 2 اگست 2021 19:38

"وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرات لاحق، وزیراعظم نے اپنی نقل و حرکت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 2اگست 2021) وزیراعظم عمران خان کی جان خطرے میں، وزیراعظم نے اپنی نقل و حرکت محدود کردی ، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا وزیراعظم عمران خان کیے حوالے سے اہم بیان سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جان کو خطرات ہیں لیکن وہ پرواہ نہیں کرتے،وزیراعظم نے اپنی نقل و حرکت محدود کردی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہم پر ڈبل گیم کا الزام لگا لیکن حقیقت میں ہمارے ساتھ ڈبل گیم ہوئی ،ہم نے امریکا کاساتھ دیا، بدلے میں افغانستان میں براہمداغ جیسوں کو کیمپس دے دیئے ،ان کاکہناتھاکہ اڈے مانگنے کی بات سرکاری طور پر نہیں ہوتی ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچودھری نے کہاہے کہ کچھ نام نہاد دانشور ہر وقت پاکستان کے خلاف بات کرتے ہیں،نوازشریف اورمیڈیا کے کچھ لوگ مل کر فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں،نوازشریف کو جس نے بنایا اس نے برباد بھی کردیا،چودھری نثار پارٹی لیڈرشپ کے خلاف بولے اور فارغ ہو گئے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل سینئر صحافی ہارون الرشید کا بھی ایسا ہی بیان سامنے آیا تھا۔ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکا کے خلاف بیان دے کر جان خطرے میں ڈال دی ۔امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کو ہوائی اڈے دینے سے متعلق سوال پر صاف انکار کر دیا تھا۔ اسی حوالے سے تجزیہ پیش کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا ہے کہ عمران خان جو بیان دے بیٹھے ہیں اس کے بعد بعض حلقوں میں کہا جا رہا ہے کہ عمران خان نے اپنی زندگی خطرے میں ڈال دی ہے۔

وزیراعظم نے لیاقت علی خان کی طرح اپنی جان خطرے میں ڈال لی ہے۔یا تو ان کی زندگی کو خطرہ ہے یا پھر ان کی حکومت کو خطرہ ہے۔ایک وہ خطرہ ہوتا ہے جو اپنی حماقتوں کی وجہ سے ہوتا ہے،اور حماقتیں تو کم ہونے کا نام نہیں لیتی، ڈھنگ کا کوئی آدمی رکھا نہیں۔اپوزیشن تو ظاہر ہے اپوزیشن کرے گی۔لوگ کہہ رہے ہیں کہ امریکا نے تو لیاقت علی خان کو بھی قتل کرا دیا تھا کیونکہ انہوں نے ایران میں مداخلت سے انکار کیا تھا اور اب عمران خان کے خلاف بھی پراپیگنڈہ شروع ہو گیا،این جی اوز نے بھی کام شروع کر دیا ہے،بڑے پیمانے پر فنڈ ملتے ہیں اور حکومت کو اس کی بھی تحقیقات کرنی چاہئیے۔