سربراہ لاہور پولیس کا امام بارگاہوں، مجالس و عزاداری جلوسوں کے روٹس کا دورہ

سی سی پی او لاہور کی سٹی ڈویڑن کے ڈویڑنل و ایگزیکٹو امن کمیٹیوں کے ارکان، منتظمین عزاداری جلوس و مجالس،شیعہ و سنی اکابرین سے بھی ملاقات /محرم الحرام کے موقع پر مجالس،عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 15 ہزار افسران و اہلکار تعینات ہونگے،سی سی پی او لاہور ًتمام حل طلب معاملات افہام و تفہیم اور باہمی مشاورت سے قبل از وقت طے کر لئے جائیں،سربراہ لاہور پولیس

منگل 3 اگست 2021 00:08

ٖٖاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2021ء) سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے محرم الحرام کے آمد کے پیش نظر آج 145-A ماڈل ٹاؤن،جامعة المنتظر ماڈل ٹاؤن، عزا خانہ پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سمیت شہر کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔سی سی پی او لاہور نے شبیہ ذوالجناح اور عزاداری جلوسوں کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

سی سی پی لاہور نے سٹی ڈویڑن کے ڈویڑنل امن کمیٹی اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان، منتظمین عزاداری جلوس و مجالس اور شیعہ اکابرین سے بھی ملاقات کی۔ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی،متعلقہ ایس پیز،ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز سمیت دیگر افسران ہمراہ تھے۔پولیس افسران نے سربراہ لاہور پولیس کو سکیورٹی انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی.سی سی پی او لاہور نے امام بارگاہوں کے منتظمین، مجالس و جلوس لائسنس ہولڈرز سمیت شیعہ و سنی اکابرین سے ملاقات میں تمام حل طلب معاملات باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے قبل از وقت طے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔جلوس کے داخلی راستوں پر چار درجاتی سکیورٹی حصارتشکیل دیا جائے گا۔کسی کو بھی بغیر چیکنگ اور جامعہ تلاشی عزاداری جلوسوں و مجالس میں داخل ہونیکی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔عزاداری جلوسوں کے روٹس پر سڑکوں کا پیچ ورک، لٹکتی تاروں اورتجاوزات کو بھی ضلعی انتظامیہ و دیگر اداروں کی مدد سے ختم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر سیف سٹی اٹھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے بھی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔سی سی پی او لاہور نے جلوس کے روٹ میں آنے والی کمرشل عمارات، مارکیٹوں،دکانوں، پلازوں میں کرایہ داروں اور ہوسٹلز میں رہائش پذیر افراد کے کوائف چیک کرنے کی ہدایت کی۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ سٹی ڈویڑن سمیت مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری ہیں۔

سربراہ لاپور پولیس غلام محمود ڈوگر نے ہدایت کی کہ شیعہ رہنماؤں، مجالس اور جلوسوں کے منتظمین و لائسنس ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے تمام انتظامات یقینی بنائے جائیں۔عاشورہ محرم پر جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رہے گی۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پندرہ ہزار پولیس افسران اور اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔

جلوس بانیان اور منتظمین مجالس اور جلوسوں کے اوقات کار اور ماسک کی پابندی سمیت کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں۔چیکنگ پوائنٹس پر پولیس کے ساتھ ساتھ کمیونٹی رضاکار بھی تعینات ہوں گے۔داخلی و خارجی راستوں سمیت شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہو گی۔جلوسوں کے روٹ میں آنے والی تمام گلیوں کو خاردار تاریں اور بیرئرزلگا کر مکمل طور پر سیل کیا جائے گا۔عزادار خواتین کے چیکنگ کے لئے لیڈیز پولیس اہلکار اوررضا کار بھی تعینات کی جائیں گی۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور مخصوص ایریاز میں موبائل سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔انہوں نے اس امر کا اعادہ کہا کہ ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں کی معاونت سے محرم الحرام پر امن بنائیں گے۔