نیب عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے،فیصل کریم کنڈی

عدالتی فیصلے کے تحت جرمانے کی رقم براڈ شیٹ سے معاہدہ کرنے والوں سے وصول کی جائے اور چیئرمین نیب اور مشیر احتساب کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے،بیان

منگل 3 اگست 2021 00:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے برطانوی عدالت کی طرف سے براڈ شیٹ مقدمے میں نیب کے خلاف نئے حکم نامے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے تحت جرمانے کی رقم براڈ شیٹ سے معاہدہ کرنے والوں سے وصول کی جائے اور چیئرمین نیب اور مشیر احتساب کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارلیمان کو بتایا جائے کہ نیب کے افسران کے غیرملکی دوروں پر کتنے اخراجات ہوئے ہیں اور قوم یہ بھی جاننا چاہتی ہے کہ نیب نے ملکی اور غیرملکی وکلاکو کتنی فیس دی ہی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف حکومتوں اور نیب کی ملی بھگت سے ملک کے کھربوں روپے چوری کرکے ضائع کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اب وقت آگیا ہے کہ نیب کا ڈرامہ اسٹوڈیو بند کرکے قومی سرمایہ بچایا جائے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نیب ایک آمر کی تخلیق ہے جس کا بنیادی کام پولیٹیکل انجینئرنگ رہا ہے۔ اعلی عدلیہ میں بھی نیب کی پولیٹیکل انجینئرنگ کے حوالے سے آوازیں گونجتی رہی ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کو ہونے والا جرمانہ نیب کے ان تمام چیئرمینوں اور ڈائریکٹر جنرلز سے وصول کیا جائے جو جھوٹی کہانیاں گھڑ کر قوم کو گمراہ کرتے رہے ہیں اور قومی خزانے کو بھی بے دردی سے ضائع کرتے رہے ہیں اور اپنے اثاثے بناتے رہے ہیں۔