سعودی عرب میں سورج آگ برسانے پر تُل گیا

دمام میں درجہ حرارت 50.5 ڈگری تک پہنچ گیا، الاحساء، القیصومہ اور رفحا میں بھی زوروں کی گرمی پڑ رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 3 اگست 2021 10:32

سعودی عرب میں سورج آگ برسانے پر تُل گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اگست 2021ء) سعودی عرب میں اگست کا مہینہ شروع ہو تے ہی موسم کے حوالے سے عجیب و غریب صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ مکہ، عسیر، حائل اور دیگر ریجنز میں کئی روز سے بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے درجہ حرارت معتدل ہو چکا ہے۔ طوفانی بارشوں کی وجہ سے کئی مقامات پر طغیانی بھی آ چکی ہے۔ تاہم دوسری جانب سعودیہ کے کئی علاقے گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں ہیں۔

سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سوموار کو سب سے زیادہ گرمی دمام میں پڑی جہاں دوپہر کے وقت درجہ حرارت 50.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اس کے علاوہ بھی درجنوں شہروں میں زوروں کی گرمی پڑ رہی ہے۔ گزشتہ روز سعودیہ بھر میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ گرمی الاحساء میں 48 ڈگری ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ القیصومہ میں 46 ڈگری جبکہ رفحا میں 44ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

شرورہ اور حفر الباطن میں بھی شدید گرمی نے لوگوں کا ناک میں دم کر رکھا ہے۔ محکمہ موسمیات نے انکشاف کیا کہ اتوار کے روز دُنیا کے گرم ترین شہروں میں چھ سعودی شہروں کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب متعدد سعودی علاقوں میں سوموار کے روز سے جمعرات تک بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس دوران متعدد علاقوں میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق مملکت کے بیشتر علاقوں میں اگلے چند روز تک شدید بارشیں ہو ں گی، ان موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے کئی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ خصوصاً نشیبی علاقوں اور وادیوں میں کئی کئی فٹ گہرا پانی کھڑا ہو سکتا ہے۔ کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہو گی۔ سعود ی محکمہ شہری دفاع نے وارننگ جاری کر دی ہے کہ اس خراب موسم کے دوران غیر ملکی اور مقامی افراد وادیوں اور نشیبی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں، خصوصاً پکنک کی غرض سے ان مقامات پر ہرگز نہ جائیں کیونکہ پانی کے تیز ریلے کسی بھی گاڑی کو بہا کر لے جا سکتے ہیں۔