شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشت گرد مارے گئے

آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا ۔ آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 3 اگست 2021 10:40

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشت گرد مارے گئے
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 اگست 2021ء) : سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرفورسزنے آپریشن کیا، جس میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران ایک افسر اور جوان زخمی بھی ہوا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گرد دہشت گرد دیسی ساختہ بارودی سرنگوں کے حملوں اور آئی ای ڈی دھماکوں میں مطلوب تھے۔ قبل ازیں گذشتہ روز شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ گھڑیوم پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں سینتیس سالہ لانس نائیک غلام مصطفیٰ نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

(جاری ہے)

دو اگست کو شمالی وزیرستان میں فوجی چوکی پردہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 37سالہ نائیک غلام مصطفیٰ شہید ہوگیا تاہم دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے بھی بھرپورجوابی کارروائی کی ، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں37سالہ نائیک غلام مصطفیٰ شہید ہو گیا تاہم دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کیلئے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال جون کے آخر میں افغانستان سے دہشت گردوں نے انٹرنیشنل بارڈر پر فائرنگ کی تھی ، فائرنگ شمالی وزیرستان کے علاقہ دواتوئی کی فوجی چیک پوسٹ پر کی گئی تھی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں حولدارسلیم اورلانس نائیک پرویزشہید ہوئے جبکہ پاک فوج کی طرف سے فوری اور مؤثرجوابی کارروائی کی گئی تھی۔