اورنج ٹرین کا سفر کرنے والی چار بچیاں مبینہ طور پر اغوا، سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی گئی

بچیوں کی تلاش کے لیے تمام ممکنہ دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں ۔ اعلیٰ حکام کو ہدایت کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 3 اگست 2021 10:53

اورنج ٹرین کا سفر کرنے والی چار بچیاں مبینہ طور پر اغوا، سی سی پی او ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 اگست 2021ء) : صوبائی دارالحکومت لاہور میں اورنج لائن ٹرین پر سفر کرنے والی چار بچیوں کے مبینہ اغوا کے معاملے پر سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر سے رپورٹ طلب کرلی۔آئی جی پنجاب نے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی لڑکیوں کا جلد سراغ لگانے کا بھی حکم دیا ۔

آئی جی پنجاب نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ بچیوں کو بحفاظت بازیاب کروا کر والدین کےحوالے کیا جائے جبکہ ملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بچیوں کی گمشدگی پر اعلیٰ حکام نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بچیوں کی تلاش کے لیے تمام ممکنہ دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں اور کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ابتدائی معلومات کے مطابق دس سالہ انعم اور گیارہ سالہ کنیزہ ہمسائے کی دو بچیوں کے ساتھ اورنج ٹرین کا سفر کرنے گھر سے نکلیں تھیں، کئی گھنٹے گزرنے کے بعد گھر نہ پہنچی تو گھر والوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور فوری طور پر مقامی پولیس اسٹیشن کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پولیس نے انعم اور کنیزہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے بچیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

بچیوں کے مبینہ اغوا کے باعث علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ہے۔پولیس حکام کا خدشہ ہے کہ بچیوں کو اغوا کرلیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچیوں کو اورنج لائن ٹرین اسٹیشن پردیکھا گیا تھا بچیوں کے پاس موجود موبائل فون بھی بند ہے۔ دوسری جانب پولیس نے اہل خانہ کی درخواست پراغواء کا مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔ مدعی مقدمہ نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کی بیٹیاں 10 سالہ انعم اور 11 سالہ کنیزہ پڑوسی اکرم کی بیٹی 14 سالہ عائشہ اور 8 سالہ ثمرین کے ہمراہ اورنج لائن ٹرین میں سفر کی نیت سے گھر سے نکلیں، جو دو روز گزرنے کے بعد بھی گھر نہ لوٹیں۔