وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہو گا

انسدادپولیو اجلاس میں عمران خان کی تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 3 اگست 2021 11:50

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہو گا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 اگست ۔2021 ) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا جس میں 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا. کابینہ کورونا سے بچاﺅ اور علاج کے لیے درکار 61 آئٹمز کی ڈیوٹی چھوٹ میں توسیع کی منظوری دے گی وزیر اعظم ہاﺅس کو کمرشل استعمال کے لیے کھولنے کا معاملہ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے جبکہ کابینہ ای سی سی کے گزشتہ 2 اجلاس اور قانون سازی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی.

کابینہ پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی منظوری بھی دے گی اور وفاقی کابینہ کو معاشی اعشاریوں پر بریفنگ دی جائے گی وفاقی کابینہ پیسکو کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کا فیصلہ کرے گی.

(جاری ہے)

آئین کے آرٹیکل 51 کے تحت صوبوں کے لیے مختص نشستوں کا معاملہ ایجنڈا میں شامل ہے وفاقی کابینہ ملزم مجاہد پرویز کو امریکہ کے حوالے کرنے کے معاملے پربھی غور کرے گی اس کے علاوہ کابینہ کے اجلاس میں ممنوعہ اور غیرممنوعہ بور اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا اختیار وزارت داخلہ کو دینے کی منظوری دی جائے گی.

دریں اثنا انسدادپولیو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے پولیو کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی. اجلاس میں انسداد پولیو سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی اجلاس میں معاونین خصوصی فیصل سلطان، شہباز گل سمیت دیگر شریک تھے اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران ملک بھر میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور آئندہ 6 سے 12 ماہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے انتہائی اہم ہیں. اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ رواں سال صرف 14 فیصد ماحولیاتی نمونے مثبت پائے گئے اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور پولیو وائرس سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹا جائے.