دُبئی: سوشل میڈیا پر دوستی کرنے کا شوق، غیر ملکی لڑکی جنسی زیادتی کا شکار ہو گئی

لڑکی کے مطابق ملزم سوشل میڈیا پر انتہائی شائستہ اور مہذب گفتگو کرتا تھا، اسے اندازہ نہیں تھا کہ وہ شرمناک کردار کا مالک ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 3 اگست 2021 11:53

دُبئی: سوشل میڈیا پر دوستی کرنے کا شوق، غیر ملکی لڑکی جنسی زیادتی کا ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اگست 2021ء) دُنیا بھر میں سوشل میڈیا کا استعمال بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ یہاں پر اجنبی افراد سے بھی بات چیت کا موقع خوب میسر آتا ہے تاہم کئی بار کسی کو جانے بغیر زیادہ دوستی بڑھانا بھی بڑی مشکل کا باعث بن جاتا ہے۔ ایسا ہی ایک معاملہ دُبئی میں پیش آیا ہے جہاں ایک غیر ملکی دوشیزہ سوشل میڈیا کے ایک دوست سے ملاقات کی خواہش میں جنسی زیادتی کا نشانہ بن گئی۔

غیر ملکی ملزم نے لڑکی کو اپنے گھر میں سات گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا اور اس دوران اسے جنسی زیادتی اور مار پیٹ کا نشانہ بھی بنایا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متاثرہ لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ اس کی ایک نوجوان سے سوشل میڈیا پر دوستی بڑھی تو انہوں نے ہوٹل میں ملنے کا پروگرام بنایا۔

(جاری ہے)

جہاں اس نوجوان کے دیگر دوست بھی موجود تھے۔ لنچ کے بعد نوجوان نے اسے آفر کی کہ وہ مزید گپ شپ کے لیے اس کے ساتھ گھر پر چلے۔

لڑکی نے اس پر یقین کر لیا اور اس کی گاڑی میں بیٹھ کر ساتھ چل پڑی ۔ جبکہ لڑکی کی گاڑی ملزم کا ایک دوست اس کے ولا پر لے آیا۔لڑکی کا کہنا تھا کہ مجھے تسلی تھی کہ ملزم کے گھر پر دیگر افراد اور دیگر دوست بھی موجود ہوں گے۔ ملزم اسے گھر کی دوسری منزل پر لے گیا۔ جہاں لڑکی نے باتھ روم کا راستہ پوچھا۔ ملزم اسے باتھ روم کے دروازے تک لایا اور پھر اس سے نازیبا حرکات شروع کر دیں۔

اس کے مزاحمت پر کرنے ملزم نے اسے تھپڑ مارے اور دھمکی دی کہ اگر وہ اس کے ساتھ جنسی عمل کے لیے راضی نہ ہوئی تو وہ نیچے موجود اپنے دوستوں کو بھی بُلا کر اس سے اجتماعی زیادتی کروائے گا۔ لڑکی کے مطابق وہ جسمانی طور پر کمزور ہونے کے باعث بے بس ہو گئی۔ ملزم نے سات گھنٹے تک اسے یرغما ل بنائے رکھنے کے دوران اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ لڑکی نے واقعے کے فوراً بعد پولیس کو اس واقعے کی رپورٹ کر دی تھی۔

لڑکی کا عدالت میں مزید کہنا تھا کہ یہ ملزم سوشل میڈیا پر بہت شائستہ اور مہذب انداز میں گفتگو کرتا تھا، اسے گمان بھی نہیں تھا کہ اندر سے یہ ایک جنسی بھیڑیا ہوگا۔ عدالت نے ملزم کو جنسی زیادتی اور حبس بے جا کے الزامات ثابت ہونے پر 2 سال قید کی سزا سنا دی ہے اور ڈی پورٹ کیے جانے کا حکم بھی دیا ہے۔