سعودی عرب نے سیاحتی ویزوں پر آنے والوں کو ایک اور خوش خبری دے دی

سعودی وزارت حج کے مطابق سیاحوں کو عمرہ کی بھی اجازت ہو گی، جس کے لیے پہلے اندرا ج کروانا ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 3 اگست 2021 12:40

سعودی عرب نے سیاحتی ویزوں پر آنے والوں کو ایک اور خوش خبری دے دی
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اگست 2021ء) سعودی عرب نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے شاندار سہولت متعارف کرا دی ہے۔ سعودی حکام نے خوش خبری سُنائی ہے کہ مملکت میں سیاحتی ویزہ پر آنے والے مسلمان افراد اپنے قیام کے دوران عمرہ بھی ادا کر سکیں گے ۔ اس کے علاوہ انہیں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز پڑھنے اور زیارت کی بھی اجازت ہو گی۔ تاہم عمرہ اور نماز وں کے لیے انہیں پیشگی اندراج کروانا ہوگا۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق جو سیاح عمرہ کی سعادت بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں غیر ملکی معتمر کی حیثیت سے ’اعتمرنا‘ ایپ میں اپنا اندراج کروانا ہو گا اور نمازوں کے لیے بھی بکنگ کروائی جا سکتی ہے۔ جو افراد اس سعادت کو حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔ انہیں پہلے'توکلنا' ایپ میں اپنا ویکسی نیشن اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرنا ہوگا جس میں ظاہر کیا جائے کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہیں یا پہلی خوراک لگوائے کم از کم 14 روز گزر گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عمرہ کے لیے سیاحوں کو اعتمرنا ایپ پر اندراج تبھی کروانے کی اجازت ہو گی جب وہ مملکت میں پہنچ چکے ہوں گے۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وبا کی وجہ سے مملکت میں سیاحتی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں جس کے بعد غیر ملکی سیاحوں کے بھی مملکت آنے پر عارضی پابندی عائد ہو گئی تھی۔ تقریباً ڈیڑھ سال کے بعد وزارت سیاحت نے سیاحتی ویزوں پر پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے بعدسعودی عرب کا سیاحتی ویزہ رکھنے والے افراد یکم اگست سے مملکت آ سکتے ہیں۔تاہم پاکستان سمیت ان متعدد ممالک کے شہریوں کو سیاحتی ویزے جاری نہیں ہوں گے جن پر سعودی حکومت نے کورونا وبا کے باعث عارضی سفری پابندی عائد کر رکھی ہے۔ یہ سیاحتی ویزہ 90روز کے لیے ہو گا۔