سرگودھا میں پی ایچ اے سرگودھا کے اشتراک سے 10ہزار پودے لگائے جائیں گے

منگل 3 اگست 2021 13:19

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) سرگودھا میں پی ایچ اے سرگودھا کے اشتراک سے 10ہزار پودے لگائے جائیں گے۔زرائع کے مطابق صوبا ئی وزیر محنت و افرادی قوت انصر مجید خان اور چیئرمین پی ایچ اے سید محمود بخش گیلانی نے دعوت اسلامی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے باہمی تعاون سے جاری شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی وزیراعظم عمران خان اوراسلامی ریاست کا ویڑن ہے کہ جہاں وسائل کی منصفانہ تقسیم عمل میں لا کر ایک مستحسن معاشرہ کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ شجر کاری کا فروغ تو عمران خان کے ویڑن کا ایک مختصر حصہ ہے لیکن یہ بھی معاشرتی تبدیلی کے حوالہ سے ایک روایت شکن سلسلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر انصر مجید خان اور چیئرمین پی ایچ اے سید محمود بخش گیلانی نے اپنے خطاب میں دعوت اسلامی اور مولانا الیاس عطاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ شجر کاری کیلئے دعوت اسلامی کا ہمارے ساتھ چلنا ضرورت زندگی سے تعلق رکھنے والے دیگر احباب کیلئے ایک قابل تقلید عمل ہے اور انہیں چاہئے کہ اپنے گھر، گلی، محلے اور دیگر مقامات پر حکومتی شجر کاری مہم کے فروغ کا حصہ بن کر آئندہ نسلوں کے محفوظ و صحت مند مستقل میں اپنا حصہ ڈالیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے رواں برس کے اوائل میں بہار شجر کاری مہم 2021 کا آغاز کیا تھا اور اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ ان کی حکومت 10 ارب درخت لگا کر پاکستان کو سرسبز بنائے گی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم مون سون سیزن میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم شروع کریں گے ، جس کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی کاوشیں جاری ہیں، پی ایچ اے سرگودھا اس حوالہ سے انقلابی اقدامات فروغ دے رہی ہے۔

آخر میں ملک و قوم کی بقائ و سلامتی کیلئے اجتماعی دعا مانگی گئی۔

متعلقہ عنوان :