اولمپکس میں نجمہ پروین کی شکست، ایتھلیٹکس فیڈریشن کا خط سامنے آگیا

اسپورٹس بورڈ نے نجمہ پروین کو بھیجنے سے منع کیا تھا، وہ شادی کے بعد سے ٹریننگ نہیں کررہی تھیں

منگل 3 اگست 2021 14:47

اولمپکس میں نجمہ پروین کی شکست، ایتھلیٹکس فیڈریشن کا خط سامنے آگیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) ٹوکیو اولمپکس میں ناقص کارکردگی دکھانے والی پاکستانی ایتھلیٹ نجمہ پروین کے معاملے پر ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کا خط سامنے آگیا۔ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کے مزید دو کھلاڑی باہر ہوگئے، 200 میٹر ریس میں نجمہ پروین آخری نمبر پر آئیں۔ذرائع کے مطابق اسپورٹس بورڈ نے نجمہ پروین کو بھیجنے سے منع کیا تھا، وہ شادی کے بعد سے ٹریننگ نہیں کررہی تھیں، اسپورٹس بورڈ ان کی فٹنس سے بھی بے خبر تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک آفیشل کا ٹور یقینی بنانے کے لیے نجمہ پروین کو بھیجا گیا۔

پانچ جولائی کو ایتھلیٹکس فیڈریشن کا پاکستان اسپورٹس بورڈ کو لکھا گیا خط سامنے آگیا، خط میں کہا گیا تھا کہ ایک خاتون آفیشل کو نوازنے کے لیے نجمہ کو اولمپکس میں بھیجنا مناسب نہیں۔

(جاری ہے)

خط کے مطابق فیڈریشن کی درخواست پر پاکستان اسپورٹس بورڈ نے لاہور میں ٹریننگ کیمپ کا اہتمام کیا لیکن خاتون ایتھلیٹ کیمپ میں متعدد بار رابطے کے باوجود نہ آئیں جس پر فیڈریشن کی درخواست پر اسپورٹس بورڈ نے واپڈا سے رابطہ کیا کیونکہ نجمہ پروین کا تعلق واپڈا سے ہے۔

واپڈا نے اسپورٹس بورڈ کو بتایا کہ نجمہ پروین فیصل آباد میں ڈیپارٹمنٹ کے کوچ کی نگرانی میں ٹریننگ کر رہی ہے،فیڈریشن کو کوچ کا علم نہیں تھااور نہ ہی ٹریننگ کو مانیٹر کیا جا سکتا تھا۔خط کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے فیڈریشن کے کوالیفائیڈ کوچ کو تبدیل کر کے واپڈا کے کوچ کو ذمہ داریاں دے دیں جو کہ فیڈریشن کے آئین کی خلاف ورزی تھی۔واضح رہے کہ نجمہ پروین 2016 اولمپکس میں بھی آخری نمبر پر رہی تھیں۔