بھارت کا فوجی ہیلی کاپٹر مقبوضہ جموں و کشمیر میں گر کر تباہ

بھارتی فوج کا 254 اے اے ہیلی کاپٹر نے پٹھان کوٹ سے اڑان بھری اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں رنجیت ساگر ڈیم کے قریب گر کر تباہ ہوا ، حادثے میں دونوں پائلٹ محفوظ ہیں۔ بھارتی نیوز ایجنسی

Sajid Ali ساجد علی منگل 3 اگست 2021 14:36

بھارت کا فوجی ہیلی کاپٹر مقبوضہ جموں و کشمیر میں گر کر تباہ
سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست2021ء) بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر مقبوضہ جموں و کشمیر میں گر کر تباہ ہوگیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کا 254 اے اے ہیلی کاپٹر مقبوضہ کشمیر میں رنجیت ساگر ڈیم کے قریب گر کر تباہ ہوا ، حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا کہ اس دوران گر کر تباہ ہوگیا ، فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔

بتایا گیا ہے کہ پوليس کی ٹيميں جائے حادثہ کی طرف روانہ کردی گئی ہیں، پولیس سپرنٹنڈنٹ سریندر لانبا کے مطابق ہمیں فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے کا شکار ہونے کی اطلاع ملی ہے ، جس کے فوری بعد ہم نے اپنی ٹیموں کو موقع پر بھیج دیا ہے ، اس حادثے میں ابتدائی طور پر کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

(جاری ہے)

بھارتی خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ کے مطابق فوج کے ذرائع نے بتایا کہ رنجیت ساگر ڈیم میں حادثے کا شکار ہونے والے آرمی ایوی ایشن اے ایل ایچ دھرو ہیلی کاپٹر نے پٹھان کوٹ سے اڑان بھری اور مستقل اڑان کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا تاہم اس حادثے میں ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹ محفوظ ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا تھا ، بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک، دوسرا شدید زخمی ہو گیا ، میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کے اڑن کھٹولوں کے گرنے کا سلسلہ جاری ہے ، فوجی ہیلی کاپٹر گرنے کا واقعہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع کھٹوعہ کے علاقے لکھن پور میں پیش آیا ، حادثے میں زخمی ہونے والے پائلٹ کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا جبکہ ہلاک پائلٹ کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔

قبل ازیں بھارتی بحریہ کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہوا ، جس کے نتیجے میں اس میں سوار انڈین نیوی کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے ، انڈین نیوی کا طیارہ اپنی معمول کی پرواز پر تھا کہ بھارت کی ریاست کیرالہ میں کوچی کے مقام پر گر کر تباہ ہوگیا ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور پائلٹس کو ہسپتال منتقل کیا گیا ، تاہم بعد ازاں ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے دونوں نیوی اہلکاروں کی موت کی تصدیق کردی گئی اور بتایا گیا کہ بھارتی بحریہ کے دونوں اہلکار ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے ۔