Live Updates

پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر نے جہانگیر ترین گروپ کے نذیر چوہان کو معاف کر دیا

وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے اسٹامپ پیپر پر صلح نامہ بھی تحریر کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 3 اگست 2021 15:32

پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر نے جہانگیر ترین گروپ کے نذیر چوہان کو معاف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 اگست 2021ء) : پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر نے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما نذیر چوہان کو معاف کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے اپنی جماعت پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے نذیر چوہان کو معاف کر دیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے اس سلسلے میں اسٹامپ پیپر پر صلح نامہ بھی تحریر کیا۔

بیان حلفی میں شہزاد اکبر نے کہا کہ مجھے نذیر چوہان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا، نذیر چوہان نے اپنی غلطی تسلیم کر لی۔ نذیر چوہان نے بے بنیاد الزامات پر معذرت بھی کر لی ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر کی درخواست پر جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی سیکریٹری اور رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

شہزاد اکبرکی جانب سے 20 مئی کو لاہور کے تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی ، جس میں وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ نے موقف اختیار کیا کہ جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان نے ایک ٹی وی پروگرام میں مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے ، ان الزامات سے میری زندگی کوخطرہ ہوسکتا ہے ، نذیرچوہان کی گفتگو کا مطلب کرپشن کے خلاف کام کی حوصلہ شکنی ہے، اس لیے نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرکے سخت کارروائی کی جائے۔

تاہم بعد ازاں پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی ، طبیعت ناساز ہونے کے باعث نذیر چوہان کو پی آئی سی منتقل کیا گیا۔پولیس انتظامیہ نے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال منتقل ہونے کے بعد نذیر چوہان نے ویڈیو پیغام جاری کر دیا- اس پیغام میں انہوں نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہزاد اکبر پر لگائے گئے الزامات پر معافی مانگی- انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہزاد اکبر صاحب نے کہا ہے کہ میں ختم نبوت پر یقین رکھتا ہوں، انہوں نے اپنا عقیدہ کلیئر کر دیا، میں کسی شخص کو کافر کہتا ہوں، نہ مجھے اس کا حق ہے- انہوں نے کہا کہ اگر میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معافی مانگتا ہوں-
بعد ازاں نذیرچوہان کا شہزاد اکبر سے ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا جس میں انہوں نے شہزاد اکبر سے اپنے بیان پر معذرت کی۔

اس پر شہزاد اکبر نے کہا آپ نے ایک غلط چیز کو سیاسی طور پر اچھالا۔ تاہم گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کی صلح ہوگئی تھی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان ہوئی صلح کا خط وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے صوبائی اسمبلی میں پیش کیا ، جس میں ایم پی اے نذیر چوہان کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نے خط میں لکھا کہ میرے اور شہزاد اکبر کے درمیان صلح ہوگئی ہے ، اس سلسلے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی سے ٹیلی فون پر بات بھی ہوگئی ہے ، صلح میں اہم کردار ادا کرنے پر فیاض الحسن چوہان کا شکر گزار ہوں ، اس وقت پنجاب اسنٹی ٹیوٹ آف کارڈیا لوجی میں زیر علاج ہوں اور جلد صحت یاب ہوکر اسمبلی میں اپنا کردار ادا کروں گا۔

بتایا گیا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پروزی الٰہی نے نذیر چوہان اور شہزاد اکبر میں صلح کا خیر مقدم کیا اور کہا ہے کہ اچھی بات ہے دونوں کی صلح ہوگئی تاہم نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر کی توہین کی گئی جس پر ایکشن ہوگا ، کیوں کہ استحقاق کے بل پر بیوروکریسی نے اپنا کام دکھایا ہے ، اس لیے کل استحقاق بل کو دوبارہ منظور کیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات