صدر آزاد کشمیر نے بھارتی حکومت کی طرف سے کے پی ایل کیخلاف زہریلا پروپیگنڈہ کرنے کی شدید مذمت

دہلی کے حکمران کھیل میں سیاست بازی سے باز رہیں اور دنیا کے ہر ادارہ کو اپنے ماتحت سمجھ کر اُس پر دبائو ڈالنے کی پالیسی ترک کریں،سردار مسعود خان

منگل 3 اگست 2021 18:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیر پریمیئر لیگ میں حصہ لینے کے لئے مظفرآباد آنے والے انٹرنیشنل کھلاڑیوں پر دبائو ڈالنے، انھیں دھمکیاں دینے اور کے پی ایل کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہلی کے حکمرانوں کو خبر دار کیا کہ وہ کھیل میں سیاست بازی سے باز رہیں اور دنیا کے ہر ادارہ کو اپنے ماتحت سمجھ کر اُس پر دبائو ڈالنے کی پالیسی ترک کریں۔

منگل کے روز پاکستان کے ایک قومی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ہم نے مظفرآباد میں کے پی ایل کے تحت میچ کھیلنے کے لئے دعوت دی ہے اور ہمارا نعرہ بھی یہ ہے کہ ’’کھیلو آزادی سے‘‘ تو بھارت کو اس سے کیا تکلیف ہے۔

(جاری ہے)

کیا بھارت لفظ --’’آزادی‘‘ خائف ہے یا وہ پوری دنیا کو اور دنیا کے سارے اداروں کو اپنا باجگزار سمجھتا ہے۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت نے جس طرح مقبوضہ جموں وکشمیر میں زباں بندی کر رکھی ہے اور وہ سمجھتا ہے کہ وہ دنیا کے ہر ملک اور ہر ادارے کو بھی اسی طرحی ڈکٹیٹ کروائے گا۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ مظفرآباد میں پریمئیر لیگ ہو گی اور اس میں بین الاقوامی کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔ اور دنیا بھی اپنی آنکھوں سے مقبوضہ کشمیر اور آزادکشمیر میں فرق دیکھے گی۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت شاید اسی بات سے خوفزدہ ہے کہ آزادکشمیر میں کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ خواہ وہ کھیل ہی کیوں نہ ہو سے اُس کے ظلم و جبر اور اُسی کے مقابلہ میں آزادکشمیر میں لوگوں کو حاصل آزادی اور بنیادی حقوق سے اصل صورتحال سامنے آ جائے گی۔ صدر آزادکشمیر بھارتی حکمرانوں کو مشورہ دیا کہ وہ دوسروںکے معاملات دخل اندازی دینے کے بجائے مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی میڈیا، انسانی حقوق کی تنظیموں کو آزادی سے آنے جانے کی اجازت دیں اگرہ وہ سمجھتے ہیں کہ مقبوضہ ریاست میں سب کچھ ٹھیک ہے اور وہاں انسانی حقوق کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہو رہی ہے۔