کرونا کی چوتھی شدید لہر کے پیش نظر محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں‘ڈپٹی کمشنر کوٹلی کی تاجر برادری کو ہدایت

منگل 3 اگست 2021 18:42

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) ڈپٹی کمشنر امجد علی مغل نے تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی چوتھی شدید لہر کے پیش نظر اس سے بچنے کے لئے محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں،منگل کو ڈپٹی کمشنر امجد علی مغل کی زیر صدارت انجمن تاجران کے نمائندوں کا اجلاس ہوا جس میں ایم ایس ڈی ایچ کیو سردار نصراللہ،اے سی راجہ طارق محمود اور ای ایس پی عباس علی بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں تاجرنمائندوں نے کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ایم ایس سردار نصراللہ نے اجلاس کو بتایا کہ بیس فیصد ایسے مریض بھی آرہے ہیں جنہوں نے کرونا ویکسین لگوائی ہوئی تھی لہذا تمام افراد کے لئے ماسک پہننا اور دیگر ایس او پیز پر عملدرآمد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر امجد علی مغل تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ کرونا ایس او پیز پر خود بھی عمل کریں اور گاہکوں کو سروس دیتے وقت ان سے بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کروائیں انہوں نے کہا کہ چوتھی لہر نے خطرناک شکل اختیار کر لی ہے اور مثبت کیسز کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ سامنے آ رہا ہے انہوںنے کہا کہ کرونا ویکسی نیشن بہت نا گزیر ہے تاجر خود اور اپنی برادری کے دیگر ساتھیوں کو فوری ویکسین لگوائیں۔

ڈپٹی کمشنر امجد علی مغل نے کہا کہ کرونا ایس او پیز پر موئثر طریقہ سے عملدرآمد یقینی نہ بنایا گیا تو پھر ہمیں لاک ڈائون کی طرف جانا پڑے گا اس سے بہتر ہے کہ تاجر برادری کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے کرونا ویکسین فوری لگوائیں اور سر ٹفیکیٹ اپنے پاس رکھیں ۔

متعلقہ عنوان :