آئی سی سی آئی کے زیر اہتمام سینٹورس مال اسلام آباد میں خواتین کی ہینڈی کرافٹ پراڈ یکٹس کی نمائش

وزیرمملکت برائے موسمیاتی تبدیلی محترمہ زرتاج گل نے بطور مہمان خصوصی نمائش کا افتتاح کیا خواتین انٹرپرینیورز کو فروغ دینا موجودہ حکومت کی اہم ترجیح ہے، زرتاج گل حکومت ہینڈی کرافٹ شعبے کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دے، میاں اکرم فرید آئی سی سی آئی خواتین انٹرپر ینیورز کی حوصلہ افزائی کیلئے کاوشیں جاری رکھے گا، فاطمہ عظیم خواتین انٹرپرینیورزکو سی پیک کے اسپیشل اکنامک زونز میں مفت جگہ فراہم کی جائے،حلیمہ عثمان سروٹھیا

منگل 3 اگست 2021 18:46

آئی سی سی آئی کے زیر اہتمام سینٹورس مال اسلام آباد میں خواتین کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) خواتین انٹرپرینیورز سمیت خواتین کو فروغ دینا موجودہ حکومت کی اہم ترجیح ہے کیونکہ اس سے معاشرے میں غربت و افلاس کم ہو گی اور معاشی ترقی کی رفتار بہتر ہو گی لہذا حکومت خواتین کو قومی دھارے میں لانے کے لیے متعدد اقدامات پر کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی محترمہ زرتاج گل نے بطور مہمان خصوصی خوتین کی ہینڈی کرافٹ پراڈیکٹس کی ایک نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیاجس کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے ہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان اور سینٹورس کے تعاون سے سینٹورس مال اسلام آباد میں کیا۔

زرتاج گل نے کہا کہ حکومت نے خواتین کو بلا سود قرضے فراہم کرنے کیلئے پالیسی بنائی ہے جبکہ خواتین کو کامیاب جوان پروگرام اور احساس پروگرام کے ذریعے بھی ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ ملک کی معاشی ترقی اور اپنے خاندان کا معیار زندگی بہتر کرنے میں موثر کردار ادا کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین دستکاری کی معیاری مصنوعات تیار کر رہی ہیں جن کی سیاحتی مقامات پر بھی نمائش کا اہتمام کیا جائے جس سے ان کا کاروبار بہتر فروغ پائے گا۔

انہوں نے خواتین انٹرپرینیورز کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کاروبار کی بہتر ترقی کے لیے انوویشن اور سکلز ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ خواتین کو ترقی کے مزید بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔ انہوں نے نمائش میں لگے ہوئے مختلف سٹالوں کا دورہ کیا اور خواتین کی دستکاری مصنوعات کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔

چیئرمین فائونڈر گروپ میاں اکرم فرید نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہینڈی کرافٹ شعبے کو پاکستان میں بہت نظرانداز کیا گیا ہے حالانکہ اس شعبے میں ترقی کے بے شمار مواقع پائے جاتے ہیں۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ہینڈی کرافٹ شعبے کیلئے سازگار پالیسیاں بنائے اور اس شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے جس سے تجارت اور برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہینڈی کرافٹ شعبے پر بہتر توجہ دینے سے سیاحت کو بھی وزیراعظم کے وژن کے مطابق ترقی ملے گی۔ انہوں نے خواتین کیلئے حکومت کی بلا سود قرضوں کی پالیسی کو سراہا تاہم انہوں نے کہا کہ بینک خواتین کو بلا سود قرضے فراہم کرنے میں مکمل تعاون نہیں کر رہے لہذا حکومت اس مسئلے کو حل کرنے پر بہتر توجہ دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چھوٹی صنعتوں اور چھوٹے کاروباروں کی ترقی پر زیادہ توجہ دے کیونکہ معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے ان کا کردار بہتر اہم ہے۔

آئی سی سی آئی کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم نے کہا کہ چیمبر نے ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان اور سینٹوریس کے تعاون سے اس نمائش کا انعقاد کیا ہے تا کہ اس خطے کی خواتین کی دستکاری مصنوعات کی اصل صلاحیت کو بہتر طور پر اجاگر کیا جائے جس سے ان کے کاروبار کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش خواتین کو ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے کہ وہ اپنے کاروبار کو فرو غ دینے کے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کی دستکاری مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر نمائش کیلئے بھی تعاون کرے جس سے ان کا کاروبار بہتر ترقی کرے گا اور ہماری برآمدات میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر آئندہ بھی خواتین انٹرپرینیورز کو ترقی کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ ہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی چیئرپرسن حلیمہ عثمان سروٹھیانے کہا کہ حکومت سی پیک کے تحت قائم ہونے والے اسپیشل اکنامک زونز میں خواتین انٹرپرینیورز کو مفت جگہ فراہم کرے اور خواتین اسٹارٹ اپس کو مزید بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں۔

سینٹورس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سردار راشد الیاس خان اور چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور خواتین کی دستکاری مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔