قومی ائیرلائن پی آئی اے اور پاکستان کے سب سے بڑے بنک حبیب بنک کے در میان معاہدہ طے پاگیا

منگل 3 اگست 2021 18:46

قومی ائیرلائن پی آئی اے اور پاکستان کے سب سے بڑے بنک حبیب بنک کے در میان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) قومی ائیرلائن پی آئی اے اور پاکستان کے سب سے بڑے بنک حبیب بنک کے در میان معائدہ طے پاگیا ۔معائدے کی رو سے پی آئی اے تمام حبیب بنک کے ڈیبڈ اور کریڈٹ کارڈ ہولڈرز کو اندرون ملک اور بین القوامی ٹکٹوں کی خریداری پر 20 فیصد تک خصوصی رعایت دے گا۔معائدے پر دستخط سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک اور صدر و سی ای او حبیب بنک اورنگزیب خان نے کئے جبکہ اس موقع پر معروف بنکار اور چئیرمین حبیب بنک سلطان علی الانا اور اعلی عہدیدار بھی موجود تھے ۔

پی آئی اے اور حبیب بنک کے تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور اس شراکت داری میں کئی طرح کے بنکنگ پراڈکٹس مثلا ملک بھر کی ترصیلات، ادائیگیاں، پے رول مینجمنٹ، پوائنٹ آف سیل مشینیں، اور تجارتی قرضہ جات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں اداروں نے اس کے علاوہ کچھ غیر ملکی معاملات جس میں سینڈیکیٹڈ ڈالر کثیر المیعادی فنانسنگ فسیلیٹی اور پی آئی اے کے جاتی کردہ سکوک بانڈز میں تعاون بھی جاری ہے۔

ملک میں صارفین کے سب سے بڑے نیٹ ورک ہونے کے حامل حبیب بنک کی پی آئی اے کے ساتھ شراکت داری سے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے میں بہت مدد ملے گی۔ حکومت پاکستان کے وژن سے مطابقت رکھتے ہوئے پی ائی اے بھی ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے ایک بڑا نیٹ ورک ترتیب دے رہا ہے اور اس سہولت سے ایک بہت بڑا طبقہ سیاحت کی طرف راغب ہوسکیگا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایئر مارشل ارشد ملک نے دونوں ٹیموں کو ملک میں فضائی سفر میں نئی جدت پیدا کرنے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم حالیہ چیلنجز کے باوجود آگے بڑھ رہے ہیں اور یہ صرف حبیب بنک جیسے قومی نوعیت کے اداروں کے ساتھ تعاون اور اتحاد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے اور حبیب بنک فطری طور پر اتحادی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ ہم ملک بھر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سا تھ کام کریں۔ انہوں نے HBL کے چیئرمین سلطان علی الانا کو پی آئی اے کا بہت مخلص دوست اور پاکستان کے کارپوریٹ و بنکاری سیکٹرز کا بڑا رہنما قرار دیا۔

محمد اورنگزیب، صدر اور سی ای او حبیب بنک نے اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی آئی اے کے ساتھ اس اسٹریٹجک شراکت داری میں شامل ہونے پر بہت مسرور ہیں۔ حبیب بنک کے پی آئی اے کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ یہ شراکت داری ہمارے صارفین کے لیے سفری سہولیات کو مزید بہتر بنائے گا اور یہ پاکستان بھر میں سفر اور سیاحت کو فروغ دینے کے قومی ایجنڈے میں حبیب بنک کی طرف سے کاوش ہے۔