اسسٹنٹ کمشنرجڑانوالہ محمد زبیر انسداد پولیو کی جاری مہم کو چیک کرنے کے لئے ٹرانسپورٹ سٹینڈز پہنچ گئے

منگل 3 اگست 2021 21:35

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2021ء) اسسٹنٹ کمشنرجڑانوالہ محمد زبیر انسداد پولیو کی جاری مہم پر عملدرآمد کو چیک کرنے کے لئے ٹرانسپورٹ سٹینڈز پہنچ گئے اور مختلف شہروں کو روانہ ہونے والی بسوں کے اندر جاکر والدین کے ہمراہ سفر کرنے والے بچوں کو قطرے پلانے کی تصدیق کی اوران کی انگلیوں پر نشانات چیک کرتے ہوئے واضح کیا کہ کوئی بس پولیو ٹیموں کی کلیئرنس کے بغیر روانہ نہیں ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بس سٹینڈ میں مختلف پوائنٹس پر پولیو ٹیموں کی موجودگی،بچوں کو قطرے پلانے کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیااور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں خواہ انہوں نے یہ قطرے پہلے جتنی بار بھی پی رکھے ہوں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ کسی جگہ پولیو وائرس کا احتمال نہ رہے۔دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنرجڑانوالہ نے مختلف علاقوں کی گلی محلوں میں جاکر بھی انسداد پولیو مہم پر عملدرآمد اور دروازوں پر دستک دیکر والدین سے بچوں کوقطرے پلوانے اور ٹیموں کے آنے کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے بچوں کی انگلیوں پر نشانات بھی چیک کئے۔

متعلقہ عنوان :