ڈاکٹر بابراعوان کی زیر صدارت ای وی ایم متعارف کرانے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے کمیٹی کا اجلاس

ووٹنگ کیلئے نئے نظام کی تیاری کیلئے ایک سال درکار ہے، چیئرمین نادرا کی بریفنگ الیکشن کمیشن اور نادرا ایک پیج پر آرہے ہیں، بابر اعوان نے چیئرمین نادرا کی کارکردگی کو سراہا

منگل 3 اگست 2021 22:47

ڈاکٹر بابراعوان کی زیر صدارت ای وی ایم متعارف کرانے اور بیرون ملک مقیم ..
ِ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2021ء) وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی زیر صدارت الیکٹرانک ووٹنگ مشینز متعارف کرانے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے قائم کابینہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منگل کو وزارت پارلیمانی امور کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین خصوصی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوئے۔

چیئرمین نادرا، وزرت پارلیمانی امور اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین نادرا نے بتایا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے حکومت کے جاری کردہ آرڈیننس اور آئین کے مطابق نئے نظام کی تیاری کا کام شروع کر دیا گیا ہے جو ایک سال کے اندر مکمل ہوگا۔

(جاری ہے)

اس نئے نظام میں انتظامی اور الیکشن کمیشن کے اختیارات کو مکمل علیحدہ رکھا جائے گا اور ووٹ کی رازداری کو قائم رکھا جائے گا۔

چیئرمین نادرا نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز انہوں نے الیکشن کمیشن کو بھی اپنے موجودہ نظام کے بارے میں بریفنگ دی جسے انہوں نے سراہا اور اصولی طور پر یہ کام نادرا کو دینے کا عندیہ دیا۔ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ نادرا اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین کا اجلاس (آج) 4 اگست ہوگا جس میں مشاورت کے ساتھ رپورٹ تیار کی جائے گی جسے کابینہ کی ذیلی کمیٹی 9 اگست 2021ئ کو اپنے آئندہ اجلاس میں زیر غور لائے گی۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے چیئرمین نادرا کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے الیکشن کمیشن اور نادرا ایک پیج پر آ رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وہ پریزنٹیشن مختلف پارلیمانی کمیٹیوں میں بھی پیش کرنے کے لئے تیار رکھیں۔