پاکستان ریلوے میں سفر کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی

مسافروں کو سفر کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا، یکم ستمبر سے صرف 20 سال سے کم عمر افراد بغیر ویکسین کے سفرکرسکیں گے۔ ترجمان محکمہ ریلوے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 3 اگست 2021 18:26

پاکستان ریلوے میں سفر کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 اگست2021ء) پاکستان ریلوے میں سفر کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی، مسافروں کو سفر کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا، یکم ستمبر سے صرف 20 سال سے کم عمر افراد بغیر ویکسین کے سفرکرسکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے میں سفر کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

پاکستان ریلوے میں یکم ستمبر سے کوویڈ چارج لاگو ہوگا۔ پاکستان ریلوے میں سفر کیلئے 20 سال سے زائد عمر والے افراد کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مسافروں کو سفر کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔ یکم ستمبر سے صرف 20 سال سے کم عمر والے افراد بغیر ویکسین کے سفرکرسکیں گے۔ تمام بڑے ریلوے اسٹیشنزپر ویکسی نیشن سینٹر ز قائم کر دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بغیر ویکسین کے ملازمین کی یکم ستمبر سے تنخواہیں بند کر دی جائیں گی، یکم ستمبر کے بعد بغیر ویکسین کے مسافروں سے 10 فیصد زیادہ کرایہ وصول کیا جائے گا۔ مزید برآں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نئی سفری ہدایات جاری کردی ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی نئی ایڈوائزری کے تحت 9 اگست سے پاکستان آنے والے 6سال کے بچوں کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ لازمی قرار دے دی گئی ہے، پاکستان کے ایئرپورٹس پر 6 سال کے مسافروں کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ بھی ہوں گے، کورونا وائرس مثبت آنے پر 12 سال کے مسافروں کو قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

پاکستان آنے سے 72گھنٹے قبل کورونا کی منفی رپورٹ ساتھ رکھنا ہوگی۔ کورونا کے پیش نظر پاکستانی ایئرپورٹس پر مزید سخت فیصلے کیے جاسکتے ہیں۔ نئی ٹریول ایڈوائزری پر9 اگست سے عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی ٹریول ایڈوائزری سے متعلق تمام ایئرپورٹس کو ہدایات جاری کردی ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین سے متعلق کہا کہ خوشی ہے کہ یومیہ 10 لاکھ ویکسین لگانے کا ہدف عبور کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔انہوں نے کہاکہ وفاقی اداروں کے تعاون سے ریکارڈ ویکسی نیشن ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد میں ریکارڈ ویکسی نیشن ہوئی ہے۔ ملک بھر میں گزشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار 342 افراد نے ویکسین ڈوزز لگوائیں جس کے بعد ویکسین لگوانے والوں کی کل تعداد 3 کروڑ 19 لاکھ 29 ہزار 581 ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا ویکسین کی مہم کا آغاز 6 ماہ قبل فروری سے ہوا تھا، پہلے مرحلے میں ہیلتھ کئیر کے شعبے سے منسلک افراد کو ویکسین لگائی گئی جس کے بعد مرحلہ وار ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوا۔