جب تک پارلیمنٹ کو رپورٹ موصول نہیں ہوتی ملازمین کو برخاست کیا جائے نہ نئی بھرتیاں عمل میں لائی جائیں، قومی اسمبلی کی پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کو تنبیہ

بدھ 4 اگست 2021 00:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) قومی اسمبلی نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کی انتظامیہ کو تنبیہ کرتے ہوئے کہاہے کہ جب تک پارلیمنٹ کو رپورٹ موصول نہیں ہوتی ملازمین کو برخاست کیا جائے نہ ہی نئی بھرتیاں عمل میں لائی جائیں۔ منگل کو قومی اسمبلی میں ارکان کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں ڈپٹی سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ جب تک رپورٹ موصول نہیں ہوتی ان ملازمین کو برخاست نہ کیا جائے اور نہ ہی نئی بھرتی کا عمل کیا جائے۔

قبل ازیں نکتہ اعتراض پر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پی اے آر سی کی انتظامیہ نے اپنے ملازمین برطرف کردیئے ہیں یہ 14سے 16سال سے کام کر رہے تھے، اب نئی بھرتیوں کے لئے اشتہار دیا گیا ہے۔ مہنگائی کے دور میں ملازموں کو برخواست نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

نئے لوگ رکھے گئے تو انہیں ازسرنو ٹریننگ دینی پڑیگی، ایوان اس معاملے کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے ملازمین کی برطرفی کے حوالے سے پی اے سی کی سب کمیٹی نے رپورٹ طلب کر رکھی ہے تب تک اس پر بھرتیوں کے عمل کو روکا جائے۔

منزہ حسن نے کہا کہ وہ رپورٹ مجھے موصول ہوگئی تھی وہ ریاض فتیانہ کو ارسال کردی گئی تھی۔ ان ملازمین کو ملازمتوں سے برخاست نہیں کیا جاسکتا۔ ان ملازمین سے کہا ہے وہ اس بارے میں پٹیشن بھی دائر کرائیں۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ اس مسئلہ سے کئی خاندانوں کا معاشی مفاد وابستہ ہے، جب تک اس بارے میں کوئی رپورٹ یا فیصلہ نہیں آتا تب تک اسے التوا میں رکھا جائے اور ملازمین کو سبکدوش نہ کیا جائے۔