پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹونٹی سیریز میں ’’رین واش‘‘ کردیا

سیریز کا آخری میچ بھی بارش کی نذر ، گرین شرٹس 0-1 سے سرخرو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 اگست 2021 23:25

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹونٹی سیریز میں ’’رین واش‘‘ کردیا
گیانا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 اگست 2021ء ) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری چوتھا ٹی 20 میچ بھی بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا ہے جس کے باعث پاکستان نے سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے۔ گیانا میں کھیلے جارہے ٹی ٹونٹی سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل اور آندرے فلیچر نے بغیر کسی نقصان کے میچ روکے جانے سے قبل مجموعی طور پر 3 اوورز میں 30 رنز بنائے۔

اس دوران کرس گیل نے 6 گیندوں پر 12 رنز جبکہ آندرے فلیچر نے 12 گیندوں پر 17 رنز بنائے۔ ابتدائی اوورز میں پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ، حسن علی اور محمد وسیم نے باؤلنگ کروائی گئی تاہم حریف ٹیم کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہ ہوسکا۔

(جاری ہے)

میچ کے آغاز پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ اس میچ میں ہم پر کوئی دباؤ نہیں اور موسم کے باعث پہلے فیلڈنگ کرنا زیادہ بہتر ہے اور ہم میچ جیتنے کے لیے اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا اور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔ پاکستان نے دوسرے میچ میں 7 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی اور 3 اگست کو شیڈول میچ سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ پاکستان نے تیسرے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حارث رؤف اور ویسٹ انڈیز نے آندرے رسل کو موقع دیا تھا تاہم بارش کی وجہ سے میچ بے نتیجہ ختم ہوا تھا۔

آج میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کیرن پولارڈ(کپتان)، آندرے فلیچر، کرس گیل، شیمرون ہٹمائر، نکولس پوران، آندرے رسل، جیسن ہولڈر، ڈیوین براوو، ہیڈن واش، عقیل حسین، روماریو شیفرڈ پر مشتمل ہے جب کہ پاکستانی ٹیم میں بابراعظم(کپتان)، محمد رضوان، شرجیل خان، فخر زمان، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شاداب خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، عثمان قادر، حارث رؤف شامل ہیں ۔