کورونا کی چوتھی لہر ، مزید 46 افراد جان کی بازی ہار گئے

ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 8.22 فیصد ریکارڈ کی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 اگست 2021 10:19

کورونا کی چوتھی لہر ، مزید 46 افراد جان کی بازی ہار گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 اگست 2021ء) : ملک بھر میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں شدت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 46 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 575 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 47 ہزار 999 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 722 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 59 ہزار 321، سندھ میں 3 لاکھ 89 ہزار 699، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 45 ہزار 862، بلوچستان میں 30 ہزار 749، گلگت بلتستان میں 8 ہزار 391، اسلام آباد میں 88 ہزار 676 جبکہ آزاد کشمیر میں 25 ہزار 301 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 1,047,999 ہوگئی ہے جن میں سے 945,829 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اس وبا نے مزید 46 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 23 ہزار 575 ہوگئی ہے۔ جب کہ مثبت کیسز کی شرح8.22 فیصد ریکارڈ ہوئی۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس سے پنجاب میں پنجاب میں 11 ہزار 104، سندھ میں 6 ہزار 69، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 487، اسلام آباد میں 804، بلوچستان میں 328، گلگت بلتستان میں 147 اور آزاد کشمیر میں 634 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 کروڑ سے بڑھ گئی جبکہ 42 لاکھ 58 ہزار 693 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دنیا بھرمیں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 18 کروڑ 5 لاکھ 31 ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد ایک کروڑ 54 لاکھ 74 ہزار سے زائد ہے۔