سعودیہ میں اے ٹی ایم توڑنے کے لیے انوکھا طریقہ اپنانے والا غیر ملکی گرفتار، ویڈیو وائرل

بنگالی ملزم نے مینٹیننس کمپنی کے اہلکار کی وردی پہن کر قصیم میں اے ٹی ایم توڑنے کی کوشش کی، تاہم مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 4 اگست 2021 10:54

سعودیہ میں اے ٹی ایم توڑنے کے لیے انوکھا طریقہ اپنانے والا غیر ملکی ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 اگست 2021ء) دُنیا بھر میں جرائم کرنے کے لیے نت نئے طریقے اپنائے جاتے ہیں تاہم آج کے دور میں سیکیورٹی کیمروں کی وجہ سے اب انوکھی وارداتیں کرنے والے بھی پکڑے جاتے ہیں۔ سعودی عرب میں بھی ایک غیرملکی شخص نے اے ٹی ایم توڑنے کے لیے انوکھا طریقہ اپنایا تاکہ لوگوں اور سیکیورٹی حکام کو جھانسہ دیا جا سکے تاہم اس کی یہ ہوشیاری دھری کی دھری رہ گئی۔

سعودی میڈیا کے مطابق قصیم میں مینٹیننس کمپنی کے اہلکار کی وردی پہن کر اے ٹی توڑنے کی کوشش کرنے والا فرد گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔ پولیس ترجمان بدر السحیبانی نے بتایا کہ ملزم کی جانب سے اے ٹی ایم توڑنے سے متعلق اطلاع موصول ہوئی تو پٹرولنگ ٹیم فوراً موقع پر پہنچ گئی،
جسے دیکھ کر ملزم فرار ہو گیا تاہم اس کا تعاقب کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ا س کے کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزم کی جانب سے اے ٹی ایم توڑنے کی واردات میں استعمال ہونے والے آلات بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔ ملزم سے مزید تفتیش کے لیے اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی ریاض پولیس نے دو مختلف وارداتوں میں اے ٹی ایمز توڑ کر 5 لاکھ ریال سے زائد رقم چوری کرنے والے دو غیر ملکی پکڑ ے تھے، جن کا تعلق پاکستان سے تھا۔ یہ ملزمان مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔

انہوں نے ریاض کے دو علاقوں میں نصب اے ٹی ایمز کو توڑ کر مجموعی طور پر 5 لاکھ 24ہزار ریال چوری کیے تھے۔ پولیس نے ان ہوشیار ملزمان کا پتا چلا کر انہیں گرفتار کر لیا۔تاہم ان کے قبضے سے صرف ایک لاکھ 73 ہزار ریال کی نقد رقم برآمد ہوئی، اس کے علاوہ 45 ہزار ریال مالیت کے سونے کے بسکٹ بھی ضبط کیے گئے۔ اے ٹی ایم توڑنے کے لیے استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد ہوگئے تھے۔