خاتون کی واگزار کروائی گئی زمین پر مافیا کا دوبارہ قبضہ

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مری میں ایک روز قبل ہی خاتون کی واگزار کروائی گئی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 اگست 2021 11:14

خاتون کی واگزار کروائی گئی زمین پر مافیا کا دوبارہ قبضہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 اگست 2021ء) : وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مری میں ایک روز قبل خاتون کی واگزار کروائی گئی زمین پر مافیا نے دوبارہ قبضہ کرلیا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون حاجرہ پروین کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کے جانے کے بعد دوبارہ قبضہ ہوگیا، راجہ حنیف اور اس کے ساتھیوں نے رشتے داروں پر حملہ کیا، پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

متاثرہ خاتون نے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ ہم زخمی ہیں، فوری مدد کی جائے، قبضہ مافیا کیا قانون سے بالاتر ہیں، دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ کسی صورت بھی یہاں نہیں رہنے دیں گے۔ خاتون نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل مری میں اوورسیز پاکستانی خاتون کی زمین پر قبضے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع وزیر اعظم آفس نے بتایا کہ مری میں اوورسیز پاکستانی خاتون کی زمین پرقبضہ ہوا۔ اوورسیز پاکستانی خاتون کی شکایت پروزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا اور وزیراعظم آفس میں قائم سیٹیزن پورٹل کے ذریعے فوری طور پر خاتون سے رابطہ کیا گیا، وزیراعظم عمران خان کے نوٹس پرمقامی انتظامیہ کی بھی دوڑیں لگ گئیں۔ ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق قابضین سے خاتون کی زمین واگزار کروائی جارہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ قبضہ کرنے والےافراد حکومتی شخصیت کے قریبی رشتہ دارہیں جبکہ حکومتی شخصیت نے معاملےسے اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا۔ یاد رہے کہ رواں سال اکتیس مئی کو ہونے والے '' آپ کا وزیر اعظم آپ کے ساتھ'' کے لائیو سیشن میں ایک بیوہ خاتون نے بھی اپنے گھر پر قبضے کی شکایت کی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کو کوئٹہ سے ایک خاتون کی کال موصول ہوئی تھی جنہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں بیوہ ہوں ، میری والدہ بھی بیوہ ہیں اور میرا ایک تین سال کا بچہ ہے، میرا کوئی بہن بھائی نہیں ہے ، 65 سالہ کمائی سے میری والدہ نے ڈیفنس میں گھر بنایا جسے 2019ء میں کرائے پر دیا گیا، جس پر قبضہ کر لیا گیا جو اُس وقت کے سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے چُھڑوایا تھا، لیکن کرائے دار نے میرا پانچ لاکھ روپے کا نقصان کیا، عمر شیخ نے مسئلہ حل کروانے کی ہدایت کی تھی لیکن اُن کا تبادلہ ہو گیا۔

چونکہ میرا نقصان کرنے والا ایس ایس پی کا بھائی ہے لہٰذا کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ میری والدہ نے اس قدر ٹینشن لی کہ وہ کینسر کے عارضہ میں مبتلا ہو گئیں، میرے پاس پیسے نہیں تھے میں نے بینک سے قرضہ لے کر اُن کا علاج کروایا۔ اب آپ ہی بتائیں کہ میں والدہ کے علاج کے پیسے دوں ، بچے کو پالوں یا بینک کا قرضہ دوں۔ خاتون بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں جس کے بعد وزیراعظم عمران خان بھی آبدیدہ ہوئے۔

وزیراعظم نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو کارروائی کی ہدایت کی تھی۔ لاہور پولیس نے ڈیفنس میں بیوہ خاتون کے گھر پہلے ہی واگزار کروا دیا تھا تاہم کرایہ دار عمران اصغر بقیہ واجبات نہیں کررہا تھا۔ جس پر سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے فوری ایکشن لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے عائشہ بی بی کے بقایا جات چار لاکھ 72 ہزار روپے بھی واپس دلوا دیے۔ جس پر بیوہ خاتون عائشہ بی بی کا کہنا تھا کہ بقایا جات دلوانے پر وزیراعظم عمران خان، آئی جی پنجاب اور لاہور پولیس کی مشکور ہوں۔