کسی اور کے نام پر کاروبار کرنے کا معاملہ، سعودیہ میں دو غیر ملکی پکڑ ے گئے

دونوں ملزمان پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کے بعد انہیں مملکت سے بے دخل کر دیا گیا، آئندہ داخلے پر بھی پابندی ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 4 اگست 2021 11:25

کسی اور کے نام پر کاروبار کرنے کا معاملہ، سعودیہ میں دو غیر ملکی پکڑ ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 اگست 2021ء) سعودی عرب میں سرمایہ کاری کا لائسنس رکھنے والے ادارے کے فرانسیسی مالک اورلبنانی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔ فرانسیسی مالک پر الزام تھا کہ وہ اپنے تجارتی ادارے کے نام سے لبنانی شہری کو ریاض شہر میں ٹھیکے داری کا کام کروا رہا تھا اور بدلے میں اس سے ایک مخصوص رقم وصول کرتا تھا۔ سعودی وزارت تجارت نے قانون تجارت کی خلاف ورزی پر ان دونوں کو گرفتار کیا ۔

جس کے بعد ان پر مقدمہ چلایا گیا۔ عدالت میں جرم ثابت ہونے کے بعد فرانسیسی کمپنی کے مالک کا ٹھیکہ داری کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا ہے اور اس پر جرمانہ عائد کرنے کے بعد مملکت سے بے دخل اور بلیک لسٹ کرنے کا حکم بھی سنایا گیا ہے جبکہ لبنانی شہری کو بھی سزا اور جرمانہ عائد کرنے کے بعد مملکت سے بے دخلی اور آئندہ کے لیے داخلے پر پابندی کی سزا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں افراد کے خرچے پر ان کی مقامی اخبارات میں تشہیر بھی کروائی گئی ہے۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب لبنانی شہری کے بینک بیلنس بہت زیادہ معلوم ہوئے جب تفتیش کی گئی تو پتا چلا کہ وہ فرانسیسی کمپنی کے مالک کے نام پر اپنا ٹھیکے داری کا کاروبار کر رہا تھا۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل سعودیہ کے شہر حائل میں مقیم ایک پاکستانی نے اپنے افغانی ساتھی کے ساتھ ویڈیو بنائی تھی جس میں انہوں نے فخریہ انداز میں بتایا کہ ان کے ہاتھ میں جو 21 ہزار ریال موجود ہیں، یہ انہوں نے’تستر تجاری‘ یعنی مقامی باشندے کے نام پر کاروبار کر کے کمائے ہیں۔

ان کی یہ حماقت انہیں اس وقت لے ڈْوبی جب سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوئی تو پولیس کی نظر میں بھی آگئی۔حائل پولیس کے ترجمان طارق النصار نے بتایا کہ پاکستانی اور افغانی باشندے کو قانون انسداد تجارتی پردہ پوشی کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وائرل ویڈیو کے بعد ان دونوں غیر ملکیوں کو وزارت تجارت کی خصوصی ٹیم کے ساتھ مل کر گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے 21 ہزار ریال کی وہ رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے جو انہوں نے ویڈیو میں دکھائی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی قانون کے تحت کسی غیر ملکی کو مقامی شہری کے نام پر کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ دونوں افراد کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے خلاف تجارتی پردہ پوشی کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے۔ ملزما ن کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا تھا۔