پاکستان ،بھارت نائجیریا سے کارآمد ویزے کے حامل مکینوں کوامارات داخلے کی اجازت

یواے ای کے سفرپر روانہ ہونے سے قبل آن لائن داخلہ کے اجازت نامہ کے حصول کے لیے درخواست دینا ہوگی،این سیما

بدھ 4 اگست 2021 11:40

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) متحدہ عرب امارات نے پاکستان ، بھارت اور نائجیریا سے تعلق رکھنے والے کارآمد ویزے کے حامل مکینوں کے ملک میں داخلے پر عاید پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن ایسے مکینوں کے یو اے ای میں داخلے کے ایک اورشرط یہ ہوگی کہ انھوں نے کووِڈ19کی ویکسین کے دونوں انجیکشن لگوارکھے ہوں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یواے ای کی قومی ڈیزاسٹراور کرائسیس مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما)نے کہا کہ ان ممالک سے تعلق رکھنے والے امارات کے کارآمد ویزے کے حامل مسافروں کے داخلے پرعاید پابندی جمعرات پانچ اگست سے ختم کی جارہی ہے۔

البتہ ایسے مسافروں کے پاس اماراتی حکام کا تصدیق شدہ مکمل ویکسین لگوانے کا سرٹی فیکیٹ ہونا چاہیے۔این سیما کے مطابق ان مکینوں کو یواے ای کے سفرپر روانہ ہونے سے قبل آن لائن داخلہ کے اجازت نامہ کے حصول کے لیے درخواست دینا ہوگی اور انھیں روانگی سے 48 گھنٹے قبل کیے گئے منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

یواے ای میں جولوگ طب ، تعلیم اور سرکاری شعبوں میں کام کرتے ہیں، تعلیم حاصل کررہے ہیں یا اپناعلاج کرارہے ہیں تو انھیں انسانی کیس کی بنیاد پر ویکسین لگوانے کی پابندی سے مستثنا قرار دے دیا جائے گا۔

این سیما نے اس کے علاوہ پانچ اگست سے پاکستان ، بھارت ،نائجیریا اور بعض دوسرے ممالک سے ٹرانزٹ پروازوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کے ملک میں داخلے پرعاید پابندی ختم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔یواے ای نے چند ماہ قبل کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر جنوبی ایشیا اور افریقا کے بعض ممالک سے آنے والے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔

نیپال ، سری لنکا اور یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے ٹرانزٹ مسافروں پر بھی یواے ای میں داخلے پر پابندی عاید کردی گئی تھی۔این سیما کے مطابقجن ممالک کی پروازوں کو معطل کیا گیاتھا،وہاں کے مسافراپنے ہوائی اڈوں سے ٹرانزٹ پروازوں کے ذریعے جمعرات سے یواے ای کا سفر اختیارکرسکیں گے لیکن انھیں اپنی روانگی سے 72 گھنٹے قبل کیے گئے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔