محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی اور ضلعی امن کمیٹی کا کردار نہایت اہم ہے‘ڈی پی او کھاریاں

بدھ 4 اگست 2021 11:50

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر سلامت نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی اور ضلعی امن کمیٹی کا کردار نہایت اہم ہے، عزاداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے پولیس، سکیورٹی فورسز پوری طرح الرٹ ہیں، پاکستان کی علاقائی صورتحال کے پیش نظر ہر طبقہ کے افراد کو بھی اپنے گرد و پیش کے حالات پر کڑی نظر رکھنا ہوگی، لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کے لئے پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت کیلئے موجود ہونگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی، اتحاد بین المذاہب کمیٹی اور مجالس عزا ء کے لائسنس داران کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، اسسٹنٹ کمشنرز وقار حسین خاں، احسن ممتاز، ایس ڈی پی اوز حافظ امتیاز، محمد پرویز، محمد سعید، کمیٹی کے ممبران پروفیسر سید سرفراز جعفری، قاری الطاف الرحمان،الطاف عباس کاظمی، صدر چیمبر آف کامرس چوہدری وحید الدین، جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجراں افتخار احمد شاکر، خادم علی خادم، منور کھوکھر و دیگر بھی موجود تھے۔

ڈی پی او عمر سلامت نے کہا کہ علما ء کرام اور ممبران ضلعی امن کمیٹی و مقامی امن کمیٹیوں کے بھرپور تعاون کیوجہ سے ضلع گجرات ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کا گہوارہ رہا ہے یہی جذبہ آئندہ بھی برقرار رکھا جائے گا، روایتی اور لائسنس داران مجالس عزاء اور جلوس عزاء کی مقررہ وقت میں مکمل کریں، مقررین ایسے موضوعات کا انتخاب کریں جس سے اتحاد بین المسلمین کی فضا کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع پولیس محرم الحرام کے دوران اپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے پوری طرح چوکس ہے، مجالس و جلوسوں کے منتظمین کیساتھ اجلاس کے ساتھ میٹنگز ہو چکی ہیں جبکہ عشرہ محرم الحرام کے دوران ان سے قریبی رابطہ رکھا جائے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز، چیف افسران اور ایس ڈی پی اوز اپنے علاقوں میں مجالس و جلوس کے روٹس کا دورہ کریں، جہاں درکار ہو سڑکوں پر فوری پیچ ورک کرایا جائے، سٹریٹ لائٹس فنکشنل ہونی چاہیں، گیپکو، پی ٹی سی ایل جلوس کے راستوں پر تاریں درست کریں تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس سے قبل علمائ کرام و ممبران ضلعی امن کمیٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران ضلع کی فضا کو پرامن رکھنے کیلئے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اقدامات کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔