مکہ مکرمہ کے مقدس شہر میں سعودی باشندے سے چرس کی بھاری مقدار برآمد

سعودی پولیس کے مطابق مقامی شہری سے 28 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی، ملزم کی عمر 40 سال کے درمیان ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 4 اگست 2021 12:02

مکہ مکرمہ کے مقدس شہر میں سعودی باشندے سے چرس کی بھاری مقدار برآمد
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 اگست 2021ء) سعودی عرب ایک اسلامی ملک ہے جہاں پر شرعی قانون نافذ ہیں۔ اسلامی ملک ہونے کے ناتے یہاں شراب اور منشیات کے استعمال کی بھرپور ممانعت ہے اور ان ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ میں ملو ث افراد کا سر قلم کر دیا جاتا ہے۔ پھر بھی بہت سے لوگ دولت کے لالچ میں اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر منشیات کی اسمگلنگ کے دھندے سے باز نہیں آتے۔

ایسے لوگوں کی کبھی نہ کبھی شامت آ ہی جاتی ہے۔مکہ مکرمہ ایک مقدس ترین شہر ہے جس کی حُرمت ہر مسلمان کے لیے اپنی جان سے بڑھ کر ہے۔ اس شہر میں کسی بھی قسم کی خلاف اسلام سرگرمی کی اجازت نہیں ہے۔ تاہم مکہ میں ایک مقامی شخص پکڑا گیا ہے جس کے قبضے سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی ہے۔ مکہ پولیس کے مطابق ملزم مقامی شہری ہے جو منشیات فروشی میں ملوث تھا۔

(جاری ہے)

اس کے قبضے سے 28 کلوگرام چرس پکڑی گئی۔ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کو منشیات اور ممنوعہ جرائم کے سلسلے میں جاری کریک ڈاؤن کے نتیجے میں گرفتار کیا گیا۔ ملزم کی عمر 40 سال کے لگ بھگ ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا۔ جو اسے جلد عدالت میں پیش کر کے اس پر منشیات فروشی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلائے گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب کی تاریخ کی منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی زکوٰة، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی نے جدہ کی بندرگاہ پر بیرون سے آنے والے کوکو کے پیکٹس کی بڑی کھیپ میں سے منشیات کی لاکھوں گولیاں برآمد کر لی ہیں۔ کسٹمز اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودیہ میں تین افراد نے کوکو کی بوریوں کی شپمنٹ منگوائی تھی، مگر اس کی آڑ میں سعودیہ میں بڑے پیمانے پرنشہ آور گولیاں اسمگل کی جا رہی تھیں۔

جب یہ کوکو کی بوریاں جدہ کی بندرگاہ پر پہنچیں تو کسٹمز حکام کے معمول کے مطابق جدید آلات سے تلاشی لی تو شک ہوا کہ ان میں مشکوک مواد موجود ہے۔ جس کے بعد اس پوری شپمنٹ کو چیک کیا گیا تو ان میں موجود چھوٹی چھوٹی تھیلیوں میں نشہ آور گولیوں کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔ مجموعی طور پر کیپٹا گون کی 87 لاکھ 35 ہزار گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ جسے مستعد کسٹمز حکام نے ناکام بنا دیا ہے۔