محکمہ تعلیم کی عدم توجہی کی وجہ سے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج بوائز کامونکے کھنڈرات میں تبدیل

بدھ 4 اگست 2021 14:14

کامونکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) محکمہ تعلیم کی عدم توجہی کی وجہ سے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج بوائز کامونکے کھنڈرات میں تبدیل،کمروں کے شیشے ٹوٹے ہوئے،جگہ جگہ گندا پانی جمع جبکہ کالج کی حدود میں پرائیویٹ کالجز کے سٹوڈنٹس طالبعلموں کو اپنے کالج میں داخل ہونے کی ترغیب دینے لگے۔تفصیل کے مطابق تحصیل کامونکے میں واقع واحد گورنمنٹ بوائز کالج محکمہ تعلیم اور کالج انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے کالج کی عمارت انتہائی خستہ ہوچکی ہے جس پر عرصہ دراز سے تعمیر و مرمت اور رنگ و روغن نہیں کیا گیا جبکہ کالج کے کمروں میں صفائی کی حالت انتہائی خراب ہے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ کالج میں جا بجا بجلی کی تاریں لٹکی ہیں جبکہ کالج کی گرائونڈ میں گندا پانی جمع ہے اور ایمرجنسی کی صورت میں کالج میں لگائی گئی پانی کی بالٹیوں گندگی سے بھری پڑی ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ بالٹیوں کا پانی عرصہ دراز سے تبدیل نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

کالج میں اس وقت طالبعلموں کی تعداد چار سو کے قریب ہے ہے۔سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے سفید پوش طبقہ اپنے بچوں کو پرائیویٹ کالجز میں داخل کرانے پر مجبور ہیں جبکہ دوسری طرف کالج انتظامیہ کی جانب سے بھی کالج میں داخلہ کو بڑھانے کیلئے کبھی کوئی کوشش نہیں کی گئی بلکہ کالج انتظامیہ کی ملی بھگت سے پرائیویٹ کالجز کے نمائندے کھلے عام کالج کے اندر طالبعلموں کو اپنے کالج میں داخلہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے نظر آتے ہیں اور اس سلسلے میں پرائیویٹ کالجز کے نمائندے طالبعلموں میں پمفلٹ وغیرہ بھی تقسیم کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :