کشمیری کل 5 اگست کو یوم سیاہ منائیں گے

مودی کے غیر قانونی اقدامات کو دو سال پورے ہونے کے موقع پر مکمل ہڑتال کی جائے گی

بدھ 4 اگست 2021 14:27

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) کنٹرول لائن کے دونوں اطراف، پاکستان اور دنیا بھر میںمقیم کشمیری کل5 اگست کو یوم سیاہ منائیں گے جس کا مقصد 2019 میں اس دن مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے کئے گئے غیر قانونی اقدامات کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی حکومت نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور عالمی قانون کی خلا ف ورزی کرتے ہوئے دفعہ 370کی منسوخی کے ذریعے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے مقبوضہ علاقے کا فوجی محاصرہ کر لیاتھا۔

کل مکمل ہڑتال اور سول کرفیونافذ کیاجائے گا اورشام آٹھ سے ساڑھے آٹھ بجے تک بلیک آئوٹ کیاجائے گا جوکل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے جاری احتجاجی کیلنڈر کے تحت اس دن سے شروع ہونے والے’ ’ عشرہ مزاحمت ‘‘ کاحصہ ہوگا۔

(جاری ہے)

احتجاجی کیلنڈر کے مطابق(آج) پانچ اگست کو لال چوک کی طرف مارچ بھی کیا جائے گا اور سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے جبکہ دس روز تک روزانہ شام کو خصوصی دعائیہ مجالس کااہتمام کیاجائے گا۔

کشمیری 11 اگست کو شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہداء کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔چودہ اگست کو پاکستان کے یوم آزادی پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ئے خصوصی دعا ئیہ مجالس منعقد کی جائیں گی۔ احتجاجی کیلنڈر کے مطابق 15 اگست کو بھارت کایوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایاجائے گا۔اس دن سیاہ پرچم لہرائے جائیںگے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسزکی طرف سے وسیع پیمانے پر قتل وغارت، دوران حراست گمشدگیوں،جبری گرفتاریوں، خواتین کی بے حرمتی اوررہائشی مکانوں کی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔