کشمیری اپنی جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں، تحریک وحدت اسلامی

کل جماعتی حریت کانفرنس کے عشرہ مزاحمت کی بھرپور حمایت کا اعلان

بدھ 4 اگست 2021 14:27

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں تحریک وحدت اسلامی جموں وکشمیر نے آرایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انہیں تحریک آزادی سے دستبردار کرانے کیلئے نوآبادی اور سامراجی ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک وحدت اسلامی کا ایک خصوصی اجلاس پارٹی چیئرمین خادم حسین کی صدارت میں بڈگام میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں مقبوضہ علاقے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال اور تحریک آزادی کے خلاف بھارتی ریشہ دوانیوں پر تفصیلی غور و غوض کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت حق پر مبنی جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کے خلاف جبر و استبداد کی ایک بھیانک تاریخ رقم کر رہا ہے اور کشمیری نوجوانوں کو پاسپورٹ اور نوکریوں سے محروم رکھنے کے بھارتی قابض انتظامیہ کے حالیہ احکامات نوآبادیاتی ہتھکنڈوں کی ایک واضح مثال ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں حق و صداقت کی ہر آواز کو طاقت کے بل پر خاموش کرانا چاہتا ہے تاہم اسے یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ حریت پسندوں کو اوچھے ہتھکنڈوں سے ہرگز خاموش نہیں کرایا جاسکتا۔ اجلاس کے شرکانے کہا کہ کشمیری نوجوان بھارتی ظلم و جبر کے خلاف سینہ سپر ہیں اور حق و صداقت کی راہ پر گامزن ان نوجوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی مقدس تحریک آزادی کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔

اجلاس میں 5تا15اگست تک عشرہ مزاحمت منانے کی کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کشمیریوں پر زور دیا گیا کہ اس حوالے تمام پروگراموں کو کامیاب بنا کر بھارت پر ایک بارپھرواضح کر دیں کہ انہیں اسکا جبری تسلط کسی صورت قبول نہیں۔ اجلاس کے آخر پر تمام شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ اجلاس میں خادم حسین کے علاوہ جنرل سیکرٹری فیاض احمد، چیف آرگنائزر علی محمد، ترجمان شاہد علی، سربراہ سیکرٹری نشر و اشاعت سید محمد عا بدی، آفس انچارچ واجد علی، صدر ضلع سرینگر شبیر حسین ، صدر ضلع بڈگام امجد علی اور صدر ضلع بانڈی پورہ علی محمد اقبال نے شرکت کی ۔