عرب پارلیمنٹ کے سربراہ کی خطاب کی دعوت کو وزیراعظم نے قبول کرلیا ہے، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

عمران خان عرب پارلیمنٹ سے خطاب کرنیوالے پہلے غیر عرب سربراہ ہونگے،پاکستان کی خارجہ پالیسی بلاد اسلامیہ اور بلاد عرب بارے کامیاب ہے ، میڈیا سے گفتگو

بدھ 4 اگست 2021 16:15

عرب پارلیمنٹ کے سربراہ کی خطاب کی دعوت کو وزیراعظم نے قبول کرلیا ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل عسومی اور ان کے وفد نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو عرب پارلیمنٹ سے خطاب کی دعوت دی ہے ۔ گذشتہ روز ملاقات میں عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل عسومی اور ان کے وفد نے وزیر اعظم عمران خان کو عرب پارلیمنٹ سے خطاب کی دعوت دی، جس کو وزیر اعظم عمران خان نے قبول کیا ہے ۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ، سوچ اور فکر ہے کہ عرب اسلامی ممالک کے درمیان قربتیں بڑھیں اور نفرتیں ختم ہوں ۔

(جاری ہے)

پاکستان اور تمام بلاد اسلامیہ کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو ا جس کی عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل عسومی نے نہ صرف تائید کی بلکہ عمران خان کے موقف کو بھرپور سراہاہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بلاد اسلامیہ اور بلاد عرب کے حوالے سے کامیاب ہے ، پاکستان کے عراق ، کویت ، سعودی عرب ، مصر ، متحدہ عرب امارات سمیت تمام عرب ممالک سے بہترین تعلقات ہیں اور مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہندوستان پاکستان اور عرب اسلامی ممالک کے درمیان دوریاں پیدا کرنے میں ناکام ہوا ہے۔

دریں اثنا ء چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل عسومی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور عرب پارلیمنٹ اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل عسومی اور ان کے وفد نے پاکستان علما کونسل اور حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی اسلام اور مسلمانوں بالخصوص انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف خدمات کو سراہا۔