وزیراعظم عمران خان کیلئے اعزاز، عرب پارلیمنٹ نے خطاب کی دعوت دیدی

وزیراعظم عمران خان نے عرب پارلیمنٹ کے سربراہ کی جانب سے خطاب کی دعوت قبول کرلی ، عرب پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والے پہلے غیرعرب سربراہ ہوں گے۔ نمائندہ خصوصی طاہر محمود اشرفی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 اگست 2021 16:18

وزیراعظم عمران خان کیلئے اعزاز، عرب پارلیمنٹ نے خطاب کی دعوت دیدی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اگست 2021ء ) وزیراعظم کو ایک اور اعزاز حاصل ہوا ہے کہ عرب پارلیمنٹ نے عمران خان کو خطاب کی دعوت دے دی ، وزیراعظم عمران خان نے عرب پارلیمنٹ کے سربراہ کی جانب سے خطاب کی دعوت قبول کرلی ، عمران خان عرب پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والے پہلے غیرعرب سربراہ ہوں گے۔ اس حوالے سے وزیرِ اعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر محمود اشرفی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عرب پارلیمنٹ کے سربراہ عادل عبدالرحمان العسومی کی طرف سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خطاب کی دعوت دی گئی جس کو وزیر اعظم عمران خان نے قبول کرلیا اور یوں عمران خان عرب پارلیمنٹ سےخطاب کرنے والے پہلے غیرعرب سربراہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی دعوت پرعرب پارلیمنٹ کے صدرعادل بن عبدالرحمن العسومی 5 روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں اور گذشہ روز وزیراعظم عمران خان سے عرب پارلیمانی وفد کی کی ملاقات ہوئی ، جس میں عمران خان نے کہا کہ امن ، ترقی ، پارٹنرشپ اور روابط میں مضبوطی پاکستان کی ترجیح ہے ، پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں ، پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام اور خود مختاری چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں عرب پارلیمنٹ کے وفد نے سپیکر عادل عبدالرحمان العسومی کی قیادت میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ، عرب پارلیمنٹ کا وفد سوموار کو وزارتِ خارجہ آیا جہاں وزیر خارجہ نے ان کو خوش آمدید کہا ، اس دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی عرب ممالک کے ساتھ گہری وابستگی یکساں مذہبی ، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار ہے ، عرب پارلیمانی وفد کا یہ دورہ دو طرفہ پارلیمانی روابط کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

علاوہ ازیں عرب پارلیمنٹ کے وفد نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ، ملاقات میں دوطرفہ تعاون، ادارہ جاتی روابط اور پارلیمانی سفارتکاری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان عرب ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون و تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے ، پاکستان کے تمام مسلم ممالک اور بخاص طور پر عرب ممالک کے ساتھ تعلقات مثالی ہیں ، عرب پارلیمنٹ عرب ممالک کا مشترکہ پلیٹ فارم ہونے کے باعث ہمارے لیے بہت اہم ہے ، پاکستان عرب پارلیمنٹ میں بطور آبزرور کی حیثیت سے شمولیت کے لیے تیار ہے کیوں کہ پاکستان مسلم اُمہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اس موقع پر عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل عبدالرحمان العسومی نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے بہت خوشی ہوئی ، پاکستان عرب دنیا کے لیے ایک اہم ملک ہے ، پاکستان کے ساتھ تعاون کو انتہائی سمجھتے ہیں ، اس دورے سے پارلیمانی تعاون، ادارہ جاتی رابطوں اور کثیر الجہتی معاونت کے لیے راہیں ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔