پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن صوبہ بھرکے نجی ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کے علاج کو مسلسل مانیٹرکررہا ہے‘یاسمین راشد

عوام کوروناوائرس کی چوتھی اور خطرناک لہرسے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر سختی سے اپنائیں‘وزیرصحت پنجاب کا اجلاس سے خطاب

بدھ 4 اگست 2021 16:25

پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن صوبہ بھرکے نجی ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری صحت محمد عامرجان،ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل،ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرسلمان شاہد،وائس چانسلرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان،چیف ایگزیکٹو پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ثاقب عزیز،پروفیسرجاوید چوہدری اور ایڈیشنل سیکرٹری سٹاف نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران نجی ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کیلئے طبی سہولیات، بی ایس سی مڈوائفری پروگرام،ویکسی نیشن اور مدراینڈ چائلڈ بلاک گنگارام پر جاری پیش رفت کاجائزہ لیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن محمد عامرجان، ایڈیشنل سیکرٹری سٹاف اور چیف ایگزیکٹو پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن نے وزیر صحت کو بریفنگ دی۔

چیف ایگزیکٹو پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ثاقب عزیزنے وزیر صحت کو پنجاب کے نجی ہسپتالوں میں کورونامریضوں کیلئے دستیاب طبی سہولیات کی تفصیلات پیش کیں۔وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے پنجاب کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کیلئے علاج کے انتظامات پراطمینان کااظہارکیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اوریواین ایف پی اے کے درمیان طے پائے جانے والے معاہدہ کے مطابق 4سالہ بی ایس سی مڈوائفری پروگرام کو کامیابی سے چلایاجائے گا۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارمحکمہ صحت پنجاب میں 500میل نرسز بھرتی کئے گئے ہیں۔پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن صوبہ بھرکے نجی ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کے علاج کو مسلسل مانیٹرکررہا ہے۔محکمہ صحت پنجاب کی سفارشات پرصوبہ کے نجی ہسپتالوں میں کوروناکے 216مریضوں کو علاج کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ مدراینڈ چائلڈ بلاک گنگارام ہسپتال کو مقررہ وقت پر مکمل کیاجائے گا۔

مدراینڈ چائلڈ بلاک 650بستروں اور 10منزلوں پرمشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہوگا۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب میں روزانہ کی بنیادپر ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کیاجارہاہے۔این سی اوسی کی ہدایات کے مطابق ایس اوپیزپرسختی سے عمل درآمدکروایاجارہاہے۔محکمہ صحت پنجاب نے محرم الحرام کیلئے بھی ایس اوپیز جاری کردی ہیں۔عوام کوروناوائرس کی چوتھی اور خطرناک لہرسے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر سختی سے اپنائیں۔عوام ماسک کی پابندی،سنیٹائزرکے استعمال، سماجی فاصلوں کویقینی اور غیرضروری اجتماعات سے گریزکریں۔