فراڈکیس ‘عدالت کا متعلقہ تفتیشی افسران کی عدم پیشی پر اظہار برہمی ،آئی جی پنجاب اورسی سی پی او غلام محمود ڈوگر طلب

بدھ 4 اگست 2021 16:25

فراڈکیس ‘عدالت کا متعلقہ تفتیشی افسران کی عدم پیشی پر اظہار برہمی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) لاہورہائی کورٹ نے فراڈکے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری درخواست ضمانت پرسماعت کرتے ہوئے متعلقہ تفتیشی افسران کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب انعام غنی اورسی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو فوری طلب کرلیا ۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس سہیل ناصر نے فراڈکے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری درخواست ضمانت پرسماعت کی۔

عدالت کا متعلقہ تفتیشی افسران کی عدم پیشی پراظہاربرہمی، آئی جی انعام غنی ،سی سی پی او غلام محمود ڈوگر ،ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق کمال سمیت دیگرافسران عدالت پیش ہوئے۔عدالت نے تفتیشی افسران کو عدالت پیش ہونے بارے مراسلہ جاری کرنیکاحکم دیدیا جبکہ غیر متعلقہ ریکارڈپیش کرنیوالے تھانیدار کیخلاف کارروائی کرنیکی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس سہیل ناصر نے آئی جی پنجاب سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ کو خوشی سے نہیں بلایا ، اکثر غیر متعلقہ افسران ریکارڈلیکر پیش ہوتے ہیں جبکہ متعلقہ تفتیشی افسرعدالت میں پیش ہی نہیں ہوتے ،جو افسر پیش ہوتے ہیں انہیں مقدمے بارے علم نہیں ہوتا جس پر آئی جی انعام غنی نے کہا کہ سرآگرآپ اجازت دیں تومیں کچھ عرض کروں۔جسٹس سہیل ناصر نے آئی جی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جی بولیں !کیا کہنا چاہتے ہیں ۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سٹینڈنگ آرڈر جاری کیاکہ متعلقہ افسر ہی عدالتوں میں پیش ہوں جبکہ تفتیشی کے رخصت پر ہونے پر ہی انچارج انویسٹی گیشن پیش ہوگا،بدقسمتی سے سٹینڈنگ آرڈرپرعملدرآمد نہیں ہورہا۔ جس پر عدالت نے حکم دیا کہ آپ دوبارہ لیٹر جاری کریں،عملدرآمد نہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کریں۔آئی جی پنجاب نے جواب دیا کہ جی آئندہ ایسا نہیں ہوگا،ایڈووکیٹ جنرل والوں سے ملکر اس بات کو یقینی بنائیں گے۔ ملزم کیخلاف تھانہ سول لائن میں فراڈکی دفعات کیتحت مقدمہ درج ہے ،عدالت نے فریقین کے وکلا کو بحث کے لئے طلب کرلیا ۔

متعلقہ عنوان :