پاکستانی کونسی ویکسین لگوا کر امارات واپس جا سکتے ہیں؟

اماراتی حکومت کے مطابق فائزر اور سینو فارم سمیت پانچ ویکسینز میں سے کوئی ایک ویکسین لگوانے والوں کو واپسی کی اجازت ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 4 اگست 2021 16:26

پاکستانی کونسی ویکسین لگوا کر امارات واپس جا سکتے ہیں؟
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 اگست 2021ء) پاکستان میں کئی ماہ سے پھنسے اماراتی ویزہ ہولڈرز کی پریشانی ختم ہو گئی۔ اماراتی حکومت نے پاکستان ، بھارت، نیپال، سری لنکا، نائیجریا اور یوگنڈا سمیت چھ ممالک میں پھنسے اماراتی ویزہ ہولڈرز کو واپس آنے کی اجازت دے دی ہے۔ 5اگست بروز جمعرات سے ان چھ ممالک سے ویزہ ہولڈرز کویو اے ای آنے کی اجازت ہوگی۔

تاہم ان افراد کو امارات واپس آنے کی اجازت دی گئی ہے جن کو ویکسین کی دوسری خوراک لگوائے 2ہفتے گزر چکے ہیں اور ان کے پاس امارات کا کارآمد رہائشی پرمٹ موجود ہے۔ ایکسپائرڈ رہائشی ویزہ پرمٹس رکھنے والے اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(NCEMA) کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ جن افراد نے مندرجہ ذیل پانچ ویکسینز میں سے کوئی ایک ویکسین لگوا رکھی ہو گی، ان کی امارات میں واپسی ممکن ہو سکے گی:
۔

(جاری ہے)

فائزر بائیو این ٹیک ۔ سینو فارم ۔ سپٹنک V
۔ آکسفورڈ ایسٹرا زینیکا ۔ موڈرنا
امارات واپس آنے والے مسافروں کے پاس ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہوگا۔ نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پاکستان ، بھارت، سری لنکا، نیپال، نائیجریااور یوگینڈا سے ویزہ ہولڈرز کوویکسی نیشن سے متعلق شرائط مکمل ہونے پر واپس آنے کی اجازت ہو گی۔

اتھارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ 5 اگست سے ان چھ ممالک سے مندرجہ ذیل زمروں کے مسافروں کو بھی واپس آنے کی اجازت ہو گی،ان پر ویکسین کی شرط کا اطلاق نہیں ہو گی۔ مستثنیٰ زمروں والے افراد کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے:
۔ یو اے ای میں طبی خدمات انجام دینے والے افراد ، جن میں ڈاکٹرز، نرسز اور ٹیکنیشنز شامل ہیں۔
۔ امارات کے ایجوکیشن سیکٹر میں ملازمت کرنے والے افراد، مثلاً یونیورسٹیز، کالجز، سکولز اور انسٹی ٹیوٹس کے ملازمین۔

۔ امارات میں زیر تعلیم افراد۔
۔ انسانی ہمدردی سے متعلق افراد جن کے پاس امارات کا رہائشی ویزہ موجود ہو۔
۔ امارات کے وفاقی اور مقامی محکموں اور اداروں کے ملازمین۔
۔ اس کے علاوہ ایکسپو 2020 ء کی انتظامیہ میں شریک افراد کو بھی داخلے کی اجازت ہو گی۔