چیک ری پبلک میں دو ٹرینوں کی ٹکر، دو ہلاک،درجنوں زخمی

تیز رفتارٹرین نے سگنل کا خیال نہ رکھا اور ایک علاقائی ٹرین میں جا ٹکرائی،وزیرریلوے کی گفتگو

بدھ 4 اگست 2021 16:53

پراگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) یورپی ملک چیک ری پبلک کے مغربی حصے میں دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ چیک وزیر ریلوے نے حادثے کے حوالے سے کہا ہے کہ صورتحال نازک ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چیک ری پبلک میں دو مسافر ٹرینیں ٹکرانے کا یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ کے قریب پیش آیا۔ مقامی حکام کے مطابق یہ ٹرینیں میلاویس نامی گائوں میں ٹکرائیں۔

چیک جمہوریہ کی پولیس کی طرف سے اپنے ٹوئیٹر اکائونٹ پر اس واقعے سے متعلق اطلاع دیتے ہوئے لکھا گیا کہ ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ درجنوں دیگر افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ ہم مسافروں کو وہاں نے نکالنے میں مدد کر رہے ہیں۔چیک جمہوریہ کے ٹرانسپورٹ منسٹر کاریل ہاولیچیک نے اپنے ٹوئیٹر پر اس بات کی تصدیق کی کہ ٹکرانے والی ٹرینوں میں سے ایک Ex 351 ٹرین تھی، جو چیک ریلوے کی ویب سائٹ کے مطابق میونخ سے پراگ کے درمیان سفر کرنے والی تیز رفتار ٹرین ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ Ex 351 نے سگنل کا خیال نہ رکھا اور ایک علاقائی ٹرین میں جا ٹکرائی۔چیک ریلوے کے مطابق ایک تیز رفتار بین الاقوامی ٹرین، جو ملک کے مغربی شہر پلیزنیے کو جرمن شہر میونخ سے ملاتی ہے، وہ ایک علاقائی مسافر ٹرین سے ٹکرائی۔