وزیر اعظم 9 اگست کو کامیاب پاکستان منصوبے کا آغاز کرینگے

کامیاب پاکستان حکومت کا فلاحی ایجنڈے پر مشتمل سب سے بڑا پروگرام ہو گا، شوکت ترین ہائوسنگ منصوبے، سکل ڈویلپمنٹ اور آسان قرضے کامیاب پاکستان پروگرام کا حصہ ہونگے، ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات بھی کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل ہوں گے، وزیر خزانہ پروگرام کے تحت 5 لاکھ روپے تک بغیر سود کے قرضہ دیا جائیگا، حکومت مستحق خاندان کے 1 فرد کو ٹیکنیکل ایجوکیشن دے گی، عثمان ڈار

بدھ 4 اگست 2021 17:28

وزیر اعظم 9 اگست کو کامیاب پاکستان منصوبے کا آغاز کرینگے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) وفاقی حکومت نے کامیاب پاکستان منصوبہ 9 اگست کو لانچ کرنے کا اعلان کر دیا، اس حوالے سے وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار اور وزارت کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے، جس میں حکومت کے سب سے بڑے فلاحی منصوبے کی لانچنگ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان 9 اگست کو کامیاب پاکستان منصوبے کا آغاز کریں گے۔وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، کامیاب پاکستان حکومت کا فلاحی ایجنڈے پر مشتمل سب سے بڑا پروگرام ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہائوسنگ منصوبے، اسکل ڈویلپمنٹ اور آسان قرضے کامیاب پاکستان پروگرام کا حصہ ہوں گے، ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات بھی کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل ہوں گے۔

سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے اجلاس کو بتایا کہ لاکھوں خاندانوں کو غربت سے نکالنے کیلئے جامع پلان بنایا گیا ہے، جس کیلئے اربوں روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، 5 لاکھ روپے تک بغیر سود کے قرضہ دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ کامیاب کسان پروگرام کے تحت کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کیلئے رقم ملے گی، حکومت مستحق خاندان کے 1 فرد کو ٹیکنیکل ایجوکیشن دے گی۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے ذریعے ملک بھر کی عوام کو لوکاسٹ ہائوسنگ اسکیم میں شامل کیا جائے گا، مائیکرو فنانسنگ کے ذریعے نچلے طبقے کی مدد کا طریقہ کار بھی طے کیا گیا ہے۔