سینیٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قومی صحت کا نیشنل ہیلتھ لیبارٹری کی ابتر صورت حال پر اظہار تشویش

قومی صحت کے سب سے بڑے ادارے کا یہ حال ہے تو پھر باقی ملک کا کیا ہو گا،جو ادارہ پورے ملک میں صحت سے متعلقہ معا ملات چلا رہا ہے وہ خود زبوں حالی کا شکار ہے،سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم

بدھ 4 اگست 2021 18:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) چیئرمین سینیٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قومی صحت سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے نیشنل ہیلتھ لیبارٹری کی ابتر صورت حال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی صحت کے سب سے بڑے ادارے کا یہ حال ہے تو پھر باقی ملک کا کیا ہو گا،جو ادارہ پورے ملک میں صحت سے متعلقہ معا ملات چلا رہا ہے وہ خود زبوں حالی کا شکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو سینیٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قومی صحت نے نیشنل ہیلتھ لیبارٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے نیشنل ہیلتھ لیبارٹری کی ابتر صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی صحت کے سب سے بڑے ادارے کا یہ حال ہے تو پھر باقی ملک کا کیا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو ادارہ پورے ملک میں صحت سے متعلقہ معا ملات چلا رہا ہے وہ خود زبوں حالی کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا نے کووڈ ویکسین بھی بنا لی اور کہاں سے کہاں معا ملات پہنچ گئے ہیں،ہم ابھی تک عالمی معیار کا ادارہ بھی نہیں بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے صحت کا بجٹ ہونے کے باوجود قومی صحت کے ادارے کی لیبارٹری میں بوسیدہ کھڑکیاں غیر ملکی امداد کے انتظار میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے ملک کی ملکیت ہیںاور 20کروڑ آبادی کے ملک میں ان کا یہ حال ہونا ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔