تشدد کرنے پر یو یو ہنی سنگھ کی اہلیہ شوہر کیخلاف عدالت پہنچ گئیں

بدھ 4 اگست 2021 18:38

تشدد کرنے پر یو یو ہنی سنگھ کی اہلیہ شوہر کیخلاف عدالت پہنچ گئیں
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2021ء) تشدد کرنے پر مشہور میوزک ریپر یو یو ہنی سنگھ کی اہلیہ شوہر کے خلاف عدالت پہنچ گئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق گھریلو تشدد کا نشانہ بننے پر گلوکار یو یو ہنی سنگھ کی اہلیہ شیلنی تلوار نے شوہر کے خلاف دہلی کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔

(جاری ہے)

اہلیہ شیلنی تلوار نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ شوہر یو یو ہنی سنگھ کی جانب سے مجھے جسمانی، زبانی اور نفسیاتی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شوہر کی آمدنی چار کروڑ روپے ماہانہ ہے اور وہ ان پیسوں کو شراب نوشی، منشیات اور عیاشی پر خرچ کرتے ہیں۔

یو یو ہنی سنگھ کی اہلیہ نے درخواست میں یہ بھی کہا کہ شوہر نے کئی لڑکیوں سے جنسی تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔شیلنی تلوار کی درخواست پر عدالت نے یو یو ہنی سنگھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست پر 28 اگست تک جواب طلب کرلیا ہے۔ تاہم یو یو ہنی سنگھ کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔گلوکار یو یو ہنی سنگھ اور شیلنی تلوار کی شادی 2011ء میں ہوئی تھی۔ دونوں شادی سے قبل ایک دوسرے کو کئی سالوں تک ڈیٹ کرتے رہے۔