Live Updates

پی ٹی آئی کے 3 سالہ اقتدار پر ’کرپشن پیپر‘ جاری کریں گے، مسلم لیگ ن کا اعلان

اب حکومتی کرپشن پر ہر روز پریس کانفرنس ہوگی ، 16 ہزار ارب روپے کا قرض کہاں گیا؟ آپ نے 50 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کر دیا ، کدھر گیا چینی کمیشن؟ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 اگست 2021 18:08

پی ٹی آئی کے 3 سالہ اقتدار پر ’کرپشن پیپر‘ جاری کریں گے، مسلم لیگ ن ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اگست 2021ء ) پاکستان مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کے 3 سالہ اقتدار پر ’کرپشن پیپر‘ جاری کرنے کا اعلان کردیا ، ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے تین سالہ اقتدار پر کرپشن پیپر جاری کیا جائے گا ، جس سے اس کی مالی بے ضابطگیوں اور فنڈز کے چوری کا انکشاف ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 17 اگست کو شروع ہونے والا پی ٹی آئی کا 'کرپشن پیپر' عوامی منصوبوں میں فنڈز میں خورد برد اور موجودہ حکومت کے گزشتہ تین سالوں میں ملک میں ہونے والی بدعنوانی سے متعلق تفصیلات کو اجاگر کرے گا کیوں کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مہنگائی اور بے روزگاری جیسے بنیادی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے باقاعدگی سے مہم چلائی گئی ، صرف جولائی میں پاکستان نے تاریخی مہنگائی دیکھی، اس ایک مہینے میں کم از کم 51 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو گئیں ، اسی طرح حکومت نے ایل این جی 15.25 ڈالر فی یونٹ میں خریدی جو کہ مسلم لیگ ن کے دور اقتدار میں خریدی گئی ایل این جی کی قیمت سے 70 فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے اس وزیر کو نکال دیا جو ایل این جی کا سودا 11 ڈالر اور 13 ڈالر میں حاصل کرنے والا تھا اور بعد میں یہ 15 ڈالر میں خریدا گیا اور اس کے نتیجے میں پاکستانیوں کو سالانہ 2 ارب ڈالر اپنی جیب سے ادا کرنے پڑیں گے ، مسلم لیگ ن پر تجارتی خسارہ بڑھانے کی باتیں کی گئیں ، جولائی میں ریکارڈ 16 ارب ڈالر کی درآمد دیکھی گئی جب کہ گزشتہ مہینے پاکستانی روپے کی قدر میں 40 فیصد کمی دیکھی گئی ، کیا حکومت اس پر بات کرے گی؟ اس کے علاوہ آئی ایم ایف پروگرام بھی ناکام ہو چکا ہے کیوں کہ حکومت نے بجٹ کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیا ، اگر انہوں نے آئی ایم ایف کی شرائط کو قبول نہیں کیا تو آئندہ ہونے والی مہنگائی ملک اور اس کے عوام کے لیے نقصان دہ ہوگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات