وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا یوم استحصال کشمیرپر پیغام

بدھ 4 اگست 2021 21:01

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا یوم استحصال کشمیرپر پیغام
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم استحصال کشمیرپراپنے پیغام میں کہا ہے کہ مودی نے 5اگست2019ء کو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی دھجیاں اڑا ئیں اوربھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔ بھارت کی ہٹ دھرمی اورغیر قانونی اقدام کو ہر سطح پرپہلے بھی بے نقاب کیا ہے اورآئندہ بھی کرتے رہیںگے۔

انہوںنے کہا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے ۔بھارت میں اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کردیاگیاہے ۔22کروڑپاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیںگے۔انہوںنے کہا کہ بھارت کے زیر تسلط غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاک ڈائون کو2سال مکمل ہوگئے مگر کشمیریوں کے دکھ کم نہ ہوئے۔

(جاری ہے)

کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر بے حسی عالمی برادری کے خلاف چارج شیٹ ہے۔

انہوںنے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اورپاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ہم کشمیر کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔کشمیری عوام کی سفارتی ،سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیںگے۔انہوںنے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔ بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔بے گناہ شہید کشمیریوںکا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔