جماعت اسلامی ظالمانہ نظام کو بدلنے کے لیے پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی، میاں محمد اسلم

عمران خان کے تین سالہ اقتدار کے دور نے سابق حکمرانوں کے تیس سالہ دور کو بھی مہنگائی میں پیچھے چھوڑ دیا ہے، یونین کونسل آئی ٹین کے دورے کے موقع پر ارکان کارکنان اور معززین علاقہ سے گفتگو

بدھ 4 اگست 2021 23:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ کہ موجودہ سٹیٹس سے جان چھڑانے کے لیے بھرپور عوامی جدوجہد کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی کے کارکنان اس کے لیے اپنی کمر کس لیں،ہمارا یہ عہد ہے کہ ہم اس جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک اس ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ نہیں ہو جاتا، انھوں نے کہا جماعت اسلامی ظالمانہ نظام کو بدلنے کے لیے پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی ،حکومت کی تین سالہ کارکردگی کو زیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو مدینہ کی ریاست بنانے اور کرپٹ عناصر کو لٹکانے کے نام پر اقتدار میں آنے والے موجودہ حکمرانوں نے ان اہداف کو حاصل کرنے کے لیے تاحال ایک بھی قدم نہیں اٹھایا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل آئی ٹین کے دورے کے موقع پر ارکان کارکنان اور معززین علاقہ سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر صد رسیاسی کمیٹی جماعت اسلامی اسلام آباد میاں محمد ر مضان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ میاں محمد اسلم نے کہا اس وقت بھی ملک میں ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، خارجہ پالیسی پہلے کی طرح کمزور اور سود پر قرضے لینے کی رفتار تیز ترہے جبکہ گورننس کا برا حال اور معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف کے اشاروں پر تشکیل دی جا رہی ہیں ، سال رواں کے بجٹ پیش کرنے کے بعد حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے مطالبات پر نہ صرف بجلی،گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں بلکہ چینی، گھی اورآٹے سمیت روزمرہ کی ہر چیز مہنگی کرکے عوام کو زندہ درگور کردیا گیا ہے۔

، انھوں نے کہاعمران خان کے تین سالہ اقتدار کے دور نے سابق حکمرانوں کے تیس سالہ دور کو بھی مہنگائی میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔