جی سی یو نے سماجی کارکن انوار احمد خان کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا

انوارخان جیسے انسان دوست لوگ ہمارے نوجوانوں طلباء کے لیے رول ماڈل ہیں:وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی

بدھ 4 اگست 2021 23:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2021ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے معروف سماجی کارکن انوار احمد خان کو انکی سماجی خدمات پر پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا۔گورنر ہاؤس میں منعقدہ خصوصی تقریب کی صدارت گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کی ،گورنر پنجاب نے وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی کے ہمراہ انواراحمد خان کو اعزازی ڈگری سے نوازا۔

رجسٹرار ڈاکٹر شوکت علی نے انواراحمد خان کی تین دہائیوں پر مشتمل قابل تحسین سماجی خدمات پر روشنی ڈالی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ انوار خان ہر سال رفاعی کاموں پر وقت،محنت اورپیسہ خرچ کرتے ہیں،مزدور طبقے کی بیٹیوں کی شادی، غریب بچوں کی تعلیم اور کئی خاندانوں کو روزانہ کھانے مہیا کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ غریب لوگوں کو علاج کی سہولیات کے لئے کئی سنٹر اور ہسپتال چلا رہے ہیں ، بیواؤں اور یتیموں کو مالی امداد کی فراہمی ہو یا صاف پانی کی فراہمی، انوار خان فلاحی کاموں میں پیش پیش رہتے ہیں ۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھاکہ انوار اے خان نے کوویڈ 19 سے متاثرہ لوگوں کے لیے مثالی سماجی کام بھی کیا، یہ اعزازی ڈگری ان کی عظیم خدمات کے اعتراف کی علامت ہوگی۔اس موقع پر جی سی یو وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ جی سی یو نے کئی عظیم نام پیدا کیئے، جنہوں نے زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی پہچان بنائی، جی سی یو صرف نامور غیر ملکی معززین اور سیاستدانوں کو اعزازی ڈگری دینے کی روایت کو توڑ رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سال یہ ایک ایسے شخص کو اعزازی ڈگری دی ہے جو غریب لوگوں ،معاشرے اور ملک کے لیے اچھا کام کر رہا ہے، انوار اے خان جیسے انسان دوست لوگ ہمارے نوجوانوں طلباء کے لیے رول ماڈل ہیں